رسائی کے لنکس

’شربت گلہ کی قانونی مشکلات ختم ہو گئیں ہیں‘


افغان سفیر عمر زخیل وال (فائل فوٹو)
افغان سفیر عمر زخیل وال (فائل فوٹو)

عمر زخیل وال نے کہا کہ جب شربت گلہ اپنے وطن واپس پہنچیں گی تو صدر اشرف غنی ان  کا خیر مقدم کریں گے اور ان کی اپنے ملک میں دوبارہ آبادی کاری میں ان کی معاونت کریں گے۔

اسلام آباد میں تعینات افغان سفیر عمر زخیل وال نے کہا کہ انہیں اس بات پر انتہائی مسرت ہوئی ہے کہ حالیہ دنوں کے دوران افغان پناہ گزین خاتوں شربت گلہ کو درپیش قانونی مشکلات ختم ہو گئی ہیں۔

افغان سفیر نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ فیس بک کے اپنے صفحے پر جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ بہت جلد شربت گلہ بطور ایک پناہ گزین کے غیر یقینی زندگی سے آزاد ہو جائے گی۔

افغان سفیر نے کہا کہ شربت گلہ آئندہ پیر کو اپنے ملک افغانستان واپس روانہ ہو جائے گی جہاں اب بھی لوگ ان کو ایک معروف شخصیت کے طور پر چاہتے ہیں۔

افغان سفیر نے یہ بیان ایسے وقت دیا جب پشاور کی ایک عدالت نے جمعہ کو شربت گلہ کو جعلی شناختی کارڈ بنوانے کے جرم میں پندرہ دن کی قید اور جرمانے کی سزا سنائی ہے اور کہا کہ سزا مکمل ہونے کے بعد شربت گلہ کو ملک بدر کر دیا جائے۔

شربت گلہ (فائل فوٹو)
شربت گلہ (فائل فوٹو)

عمر زخیل وال نے کہا کہ جب وہ اپنے وطن واپس پہنچیں گی تو صدر اشرف غنی ان کا خیر مقدم کریں گے اور ان کی اپنے ملک میں دوبارہ آبادی کاری میں ان کی معاونت کریں گے۔

افغان سفیر نے اُن تمام افراد کا شکریہ بھی ادا کیا جنہوں نے شربت گلہ کی مدد کے لیے آواز بلند کی۔ افغان سفیر کا کہنا تھا کہ حکومت اور سرکاری اداروں کے متعلقہ افراد اور عام شہریوں نے شربت گلہ کے معاملے کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔

پاکستان میں لاکھوں کی تعداد میں افغان پناہ گزین مقیم ہیں ان میں پندرہ لاکھ کے لگ بھگ باقاعدہ طور پر اندراج شدہ ہے جب کے باقی افراد بغیر کسی قانونی دستاویزات کے مقیم ہیں۔ ان میں سے بعض افغان پناہ گزینوں کو مبینہ طور جعلی شناختی کارڈز بنوانے کی وجہ سے مقدمات کا بھی سامنا ہے۔

XS
SM
MD
LG