رسائی کے لنکس

افغانستان: بم دھماکوں میں 5 شہر ی ہلاک، 24 زخمی


افغانستان کے جنوبی اور مشرقی علاقوں میں اتوار کو ہونے والے تین الگ الگ بم دھماکوں میں کم از کم پانچ شہری ہلاک اور 24 دوسرے زخمی ہوگئے۔ مرنے والوں میں تین بچے بھی شامل ہیں۔

کابل میں وزارت داخلہ کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی صوبے ننگر ہار کے بحسود ضلع میں صُبح کے وقت فائر کیا گیا ایک راکٹ ایک گھر پرلگنے سے دو بچے ہلاک اور تین خواتین سمیت چارافراد زخمی ہو گئے۔

بیان میں اس حملے کا الزام ”افغانستان کے دُشمنوں “ پر لگایا گیا ہے۔ افغان حکام یہ اصطلاح طالبان باغیوں کے لیے استعمال کرتے ہیں جنہوں نے مقامی اور نیٹو افواج کے خلاف حملوں میں حالیہ دنوں میں اضافہ کردیا ہے۔

دریں اثنا ء افغان حکام کے مطابق جنوبی صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ میں ہونے والے ایک بم دھماکے میں تین شہری ہلاک اور 15 زخمی ہوگئے۔

صوبائی گورنر کے ایک ترجمان کا کہنا ہے کہ ریموٹ کنڑول بم دھماکا کابل بینک کی ایک شاخ کے قریب کیا گیا اور مرنے والوں میں ایک 12 سالہ لڑکی بھی شامل ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس واقعے کے چند لمحوں بعد شہر میں ایک سکول کے پاس ہونے والے دوسرے بم دھماکے میں پانچ افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی حکام نے ان دونوں حملوں کی ذمہ داری طالبان عسکریت پسندوں پر عائد کی ہے۔

شمال مغربی بادغیس صوبے میں حکومت کے حامی ایک لشکر اور طالبان جنگجوؤں کے درمیان اتوار کو ہونے والی جھڑپوں میں کم ازکم 30 افغان شہر ی زخمی ہو گئے ۔ صوبائی گورنر کے ایک ترجمان نے بتایا کہ لڑائی میں تین باغی اور لشکر کا ایک رکن ہلاک ہو ئے۔

اقوام متحدہ کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق افغانستان میں باغیوں کے حملوں میں پچھلے سال1,630 شہری ہلاک ہو ئے تھے۔


XS
SM
MD
LG