رسائی کے لنکس

پاکستان میں ملا برادر سے افغان حکام کی خفیہ ملاقات


(فائل فوٹو)
(فائل فوٹو)

ملاقات کا مقصد افغان امن عمل سے متعلق طالبان کے نائب کمانڈر کی رائے معلوم کرنا تھا۔

افغان حکام نے انکشاف کیا ہے کہ اُنھوں نے پاکستان میں زیرِ حراست طالبان باغیوں کے نائب کمانڈر ملا عبدالغنی برادر سے خفیہ مذاکرات کیے ہیں۔

افغانستان کی قومی سلامتی کے مشیر رنگین دادفر سپنتا اور پاکستانی وزیر داخلہ رحمٰن ملک دونوں نے اتوار کو ’رائٹرز‘ نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویوز میں دو ماہ قبل ہونے والی اس ملاقات کی تصدیق کی ہے۔

سپنتا کے بقول ملا برادر سے ملاقات کا مقصد افغان امن عمل سے متعلق اُن کی رائے معلوم کرنا تھا، تاہم اُنھوں نے اس کی مزید کوئی تفصیلات بیان نہیں کی ہیں۔

رحمٰن ملک نے بھی افغان وفد کی طالبان کمانڈر سے ملاقات کی یہ کہہ کر تصدیق کی ہے کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان ہرممکن تعاون فراہم کرنے کی پالیسی پر قائم ہے۔

لیکن اتوار کو کابل میں معمول کی نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان جانان موسٰی زئی نے کہا کہ ان کے ملک نے ملا برادر سمیت پاکستانی جیلوں میں قید تمام طالبان رہنماؤں کی رہائی کا بار بار مطالبہ کیا، مگر اس سلسلے میں حکومت پاکستان کی جانب سے تاحال کوئی مثبت اقدام دیکھنے میں نہیں آیا ہے۔

’’پاکستانی حکام خود بھی ان قیدیوں کو رہا کرنے کا عندیہ دے چکے ہیں اور توقع ہے کہ اس سلسلے میں افغانستان کے ساتھ عملی تعاون بھی کیا جائے گا۔‘‘

افغانستان میں مغرب کی حمایت یافتہ صدر حامد کرزئی کی حکومت کے خلاف بر سر پیکار طالبان باغیوں کے نائب کمانڈر ملا عبدالغنی برادر سمیت بعض دیگر اہم رہنما اس وقت پاکستان میں قید ہیں۔

ملا برادار کو فروری 2010ء میں کراچی کے راستے بیرون ملک سفر کرنے کے دوران پاکستانی حکام نے گرفتار کیا تھا۔ افغان حکام نے اس کارروائی پر احتجاج کرتے ہوئے کہا تھا کہ طالبان کمانڈر امن بات چیت میں کردار ادا کرنے کے لیے کوشاں تھے اور ان کی گرفتاری سے امن عمل کو نقصان پہنچا۔

حکومت پاکستان نے گزشتہ جمعہ کو پہلی مرتبہ باضابطہ طور پر اعتراف کیا تھا کہ ملا برادر سمیت زیر حراست دیگر طالبان قیدیوں کی رہائی پر افغانستان کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ تاہم دفتر خارجہ کے ترجمان معظم احمد خان نے اس بارے میں مزید معلومات دینے سے گریز کیا تھا۔

افغان حکام کی ملا برادر سے ملاقات سے اس تاثر کو تقویت ملی ہے کہ افغانستان میں امن و مفاہمت کی کوششوں کی بحالی کے لیے پاکستان نے ایک بار پھر بظاہر سرگرم کردار ادا کرنا شروع کر دیا ہے۔
XS
SM
MD
LG