رسائی کے لنکس

پشاور میں افغان قونصل خانہ 'احتجاجاً' بند


پاکستانی سکیورٹی اہلکار۔ فائل فوٹو
پاکستانی سکیورٹی اہلکار۔ فائل فوٹو

قونصل خانہ ایک ایسے وقت بند کیا گیا ہے جب بدھ سے ہی پاکستانی حکام  طورخم کے مقام پر سرحد کے آر پار نقل و حرکت کو ضابطہ کار میں لانے کے لیے اقدام پر عملدرآمد شروع کرنے والے ہیں۔

افغانستان نے پاکستان کے شمال مغربی صوبہ خیبرپختونخوا کے مرکزی شہر پشاور میں اپنا قونصل خانہ غیر معینہ مدت کے لیے بند کر دیا ہے۔

سفارتی مشن منگل کو قونصل جنرل کی گاڑی کو پشاور میں ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر روک کر تلاشی لیے جانے کے لیے خلاف احتجاجاً بند کیا گیا۔

سکیورٹی حکام کی طرف سے بتایا جاتا ہے کہ قونصل خانے کی گاڑی سفارتی حکام اور ان کی گاڑیوں کے لیے وضع کردہ پروٹوکول پر عمل پیرا نہیں تھی اور اسی بنا پر اسے ایک سکیورٹی چیک پوسٹ پر روکا گیا۔

تاحال اس بارے میں پاکستانی دفتر خارجہ اور کابل کی طرف سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

افغان قونصل خانہ ایک ایسے وقت بند کیا گیا ہے جب بدھ سے ہی پاکستانی حکام طورخم کے مقام پر سرحد کے آر پار نقل و حرکت کو ضابطہ کار میں لانے کے لیے اقدام پر عملدرآمد شروع کرنے والے ہیں۔

یکم جون سے پاک افغان سرحد پر بغیر قانونی سفری دستاویزات کے کسی بھی افغان شہری کو پاکستانی علاقے میں داخل ہونے کی اجازت نہ دینے کا بتایا گیا تھا اور یہ فیصلہ سرحدی گزرگاہ کی بہتر نگرانی کے ضمن میں کیا گیا۔

گزشتہ ماہ طورخم سرحدی گزرگاہ تقریباً چار روز تک بند رہی تھی جسے اسلام آباد میں افغانستان کے سفیر عمر زخیلوال کی پاکستانی فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف سے ہونے والی ملاقات کے بعد کھول دیا گیا تھا۔

XS
SM
MD
LG