رسائی کے لنکس

افغان حکومت پولیس کے1000 اہل کارقندھاربھیجےگی


افغان حکومت پولیس کے1000 اہل کارقندھاربھیجےگی
افغان حکومت پولیس کے1000 اہل کارقندھاربھیجےگی

قندھارمیں طالبان کےمتعددمربوط خود کُش حملوں میں کم سےکم 35 لوگ ہلاک ہوئےہیں

قندھار میں طالبان کے متعدد مربوط خود کُش حملوں میں کم سے کم 35 لوگوں کی ہلاکت کے بعد افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ حکومت جنوب کے اس شہر کے لیے پولیس کے مزید 1000 سے زیادہ اہل کاروں کو بھیجے گی۔

صوبہ قندھار کے گورنر طوریالے ویسا نے منگل کے روز کہا ہےکہ وزارتِ داخلہ نے مزید حفاظتی انتظامات کے لیے اُن کی تجویز قبول کرلی۔

طالبان نے اُن حملوں کو نیٹو کے اعلیٰ کمانڈر امریکی جنرل سٹینلی میک کِرسٹل کے لیے ایک انتباہ قرار دیا ہے ، جوعلاقے میں طالبان کے خلاف دوسرے بڑے حملے کا منصوبہ بنارہے ہیں۔

برابر کے صوبے ہلمند میں منگل کے روزنیٹو کے زیرِ قیادت ایک دستے نے ضلع گرم سیر میں ایک موٹر گاڑی میں تقریباً ایک ٹن منشیات پکڑی ہیں۔ فوج نے اس چھاپے میں ایک شخص کو حراست میں لے لیا اور منشیات کو تلف کردیا۔

ہلمند اور زابُل کے صوبوں میں الگ الگ کارروائیوں کے دوران افغان فوج اورنیٹوکی فوج کے ایک مشترکہ دستے نے اسلحہ کے متعدد ذخیرے پکڑے۔جن میں کلے مور قسم کی بارودی سُرنگ، راکٹ، راکٹ سے پھینکے جانے والے گرینیڈ اور دوسرے ہتھیار اور گولا بارود شامل ہے۔

مشرقی صوبے خوست کے ضلعے صابری میں ایک مشترکہ گشتی دستے نے ایک احاطے کی تلاشی لیتے ہوئےچار باغیوں کو گرفتار کرلیا۔ دستے کو اسی احاطے سے رائیفلیں اور دستی بم بھی دستیاب ہوئے۔

مغربی صوبے فرح میں فرح کی صوبائى تعمیرِ نو کی ٹیم نے ایک نئى کمپیوٹر لیبارٹری کے ساتھ عورتوں کو بااختیار بنانے کے ایک نئے مرکز کا افتتاح کیا ہے۔

فرح شہر میں یہ نیا مرکزلڑکیوں اور ہر عمر کی عورتوں کے لیے ریاضی، انگریزی، حفظانِ صحت کی بنیادی سائینس اور کمپیوٹر ٹیکنالوجی کی کلاسوں کا انتظام کرے گا، جو کہ جدید معاشرے کا ایک لازمی حصّہ ہے۔

XS
SM
MD
LG