افغانستان کے دارالحکومت کابل کے قریب بگرام فضائی اڈے پر شدت پسندوں کے حملے میں ایک نیٹو فوجی ہلاک ہو گیا۔
نیٹو افواج نے ایک بیان میں کہا کہ افغانستان کے اہم فوجی ہوائی اڈے پر منگل کی شام حملہ کیا گیا، تاہم ہلاک ہونے والے فوجی کی شہریت کے بارے میں کچھ نہیں بتایا گیا۔
نیٹو کے بیان میں اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی کہ حملہ آوروں کا تعلق کس گروہ سے تھا اگرچہ اکثر فعال شدت پسند گروپ طالبان کی سرپرستی میں ہی کارروائیاں کرتے ہیں۔
اس حملے اور اس میں ہونے والے مزید ممکنہ جانی نقصان کے بارے میں بھی تاحال تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔
بگرام فضائی اڈے کی حفاظت پر امریکی اور بین الاقوامی افواج کے اہلکار تعینات ہیں، اس سے قبل بھی اس اڈے پر شدت پسند راکٹوں سے حملے کرتے رہے ہیں۔
2014ء کے اواخر میں بیشتر غیر ملکی افواج کے افغانستان سے انخلا کے بعد ملک میں شدت پسندوں کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے اور زیادہ ایسے حملوں میں افغان فورسز کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔
2001 ء میں امریکہ کی قیادت میں اتحادی افواج کی کارروائیوں کے بعد افغانستان میں طالبان حکومت کا خاتمہ ہوا تھا، جس کے بعد سے طالبان شدت پسند ایک دہائی سے زائد عرصہ سے ملک میں خونریز لڑائی میں مصروف ہیں۔
افغان وزارت داخلہ کے مطابق منگل کو شدت پسندوں کے دو مختلف حملوں میں افغان فوج اور پولیس کے کم از کم 25 اہلکار ہلاک ہو گئے۔
اس وقت افغانستان میں لگ بھگ 14 ہزار غیر ملکی فوجی سکیورٹی معاہدے کے تحت وہاں موجود ہیں جن میں اکثریت امریکی فوجیوں کی ہے۔
افغانستان میں موجود بین الاقوامی افواج کے اہلکاروں کی اکثریت مقامی فورسز کی تربیت میں مصروف ہے۔