رسائی کے لنکس

مشترکہ کارروائی میں کئی طالبان ہلاک، رہنما گرفتار


افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی صوبے ہلمند میں افغان فورسز کے اشتراک سے کی گئی ایک کارروائی میں طالبان جنگجوؤں کی ایک ”بڑی تعداد“ کو ہلاک اور ایک مقامی رہنما کو گرفتار کیا گیا ہے ۔

نیٹو نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ کارروائی ہلمند کے دور افتادہ ضلع باغران میں بدھ کی رات کی گئی اور چارگھنٹے تک جاری رہنے والی جھڑپ کے دوران متعدد عسکریت پسند زخمی بھی ہوئے۔ گرفتار ہونے والا رہنما نوزاد ضلع میں طالبان کی سربراہی کر رہا تھا۔

دریں اثناء جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے جمعرات کے روز کہا ہے کہ افغانستان کے شمالی صوبے پروان میں جنوبی کوریا کی تنصیب پر چار راکٹ داغے گئے البتہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔اس تنصیب پر تقریباً 120 افراد موجود ہیں جن میں سے اکثریت کا تعلق تعمیر نو کے منصوبوں سے ہے۔

حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے لیکن جنوبی کوریا کی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے خیال ظاہر کیا ہے کہ اس میں طالبان یا علاقے میں سرگرم دوسرے شدت پسند ملوث ہو سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ جنوبی کوریا نے افغانستان سے اپنے فوجی دستے 2007ء میں اس وقت واپس بلا لیے تھے جب طالبان جنگجوؤں نے یرغمال بنائے گئے دو جنوبی کوریائی فوجیوں کو ہلاک کر دیا تھا۔

XS
SM
MD
LG