رسائی کے لنکس

افغانستان میں غیر ملکی افواج کے لیے ہلاکت خیز مہینہ


افغانستان میں غیر ملکی افواج کے لیے ہلاکت خیز مہینہ
افغانستان میں غیر ملکی افواج کے لیے ہلاکت خیز مہینہ

افغانستان میں جون کے مہینے میں اب تک امریکہ اور نیٹو کے کم از کم 79 فوجی ہلاک ہو چکے ہیں جو 2001 ء کے اواخر میں طالبان کے خلاف شروع ہونے والی لڑائی میں بین الاقوامی افواج کاکسی ایک مہینے میں ہونے والا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔

اِن میں وہ چار فوجی بھی شامل ہیں جو جمعرات کو جاری ہونے والے نیٹو کے ایک بیان کے مطابق جنوبی افغانستان میں ایک روز قبل ہونے والے گاڑی کے ایک حادثے میں ہلاک ہو گئے تھے۔ جبکہ اُسی روز ملک کے مشرقی اور مغربی حصوں میں بم دھماکوں میں نیٹو نے چار غیر ملکی فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

آسٹریلیا کے وزیر دفاع نے بھی بدھ کو ایک بیان میں کہا تھا کہ آسٹریلوی فوج افغانستان سے انخلاء کا عمل اگلے دو سالوں میں شروع کر سکتی ہے اور اُن کا کردار افغان نیشنل آرمی کو تربیت دینے تک محدود ہو سکتا ہے تاکہ وہ خود اپنے ملک کی سکیورٹی کا انتظام سنبھال سکیں۔

افغانستان میں آسٹریلیا کے 1,500 فوجی تعینات ہیں جن کی اکثریت جنوبی صوبہ اُرضگان میں موجود ہے ۔ پچھلے نو سالوں میں لڑائی کے دوران 16 آسٹریلوی فوجی مارے جا چکے ہیں۔

طالبان باغیوں کے حملوں میں حالیہ دنوں میں غیر معمولی شدت ایک ایسے وقت آئی ہے جب نیٹو نے جنوبی شہر قندھار اور اس کے اردگرد علاقوں سے عسکریت پسندوں کے خاتمے کے لیے ایک بڑا آپریشن شروع کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔

گزشتہ سال اگست کے مہینے میں 77 غیرملکی فوجی ہلاک ہو ئے تھے۔


XS
SM
MD
LG