رسائی کے لنکس

پارلیمانی انتخابات منصفانہ ہوں گے: افغان عہدے دار


افغانستان
افغانستان

افغانستان کے الیکشن کمیشن کے عہدے داروں کا کہنا ہے کہ وہ ملک میں عنقریب ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو فراڈ اور دھاندلیوں سے پاک رکھنے کا عزم کیے ہوئے ہیں۔

افغانستان کے خومختار الیکشن کمیشن کے چیف الیکٹورل آفیسر ذکریا بارک زئى نے منگل کے روز کہا ہے کہ کمیشن اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کررہا ہے کہ ستمبر میں ہونے والے انتخابات آزاد اور منصفانہ ہوں۔

بارک زئى نے کہا ہے کہ کمیشن نے گذشتہ سال کے متنازع صدارتی انتخاب کے دوران ضوابط کی خلاف ورزیوں کے سلسلے میں ملک کے چار صوبوں میں الیکشن سے متعلق چوٹی کے عہدے داروں کے بارے میں چھان بین کرنے کی درخواست کی ہے۔

جو لوگ اُمیدوار کی حیثیت سے پارلیمانی انتخابات میں حصّہ لینا چاہتے ہیں، اُن کی رجسٹریشن منگل کے دن سے شروع ہوگئى ہے۔

افغان صدر حامد کرزئى نے پچھلے ہفتے فضل احمد مناوی کو الیکشن کمیشن کا نیا سربراہ مقرر کیا تھا۔ اس سے پہلے سابق سربراہ نے صدارتی انتخاب میں وسیع پیمانے پر دھاندلی کی اطلاعات کے بعد استعفیٰ دے دیا تھا۔

وہ الیکشن بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کی وجہ سے داغدار ہوگیا تھا اور اس کے نتیجے میں ایک ایسے دوسرے کمیشن نے ، جسے اقوامِ متحدہ کی تائید حاصل تھی، مسٹر کرزئى کے حق میں ڈالے ہوئے ایک تہائى ووٹ رد کردیے تھے۔

XS
SM
MD
LG