رسائی کے لنکس

افغانستان: بس کے حادثے میں 35 لوگ ہلاک


ٹینکر ٹرک ،سطح سمندر سے تین ہزار400 میٹر کی بلندی پر سالانگ پاس کی تنگ سڑک پر سے گزرتے ہوئے بَس سے ٹکرانے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آگیا: عینی شاہد

شمالی افغانستان میں عہدے داروں نے کہا ہے کہ ایک خطر ناک پہاڑی درّے میں ایم بس اور تیل کے ایک ٹینکر ٹرک کے درمیان تصادم کے حادثے میں کم سے کم 35 لوگ ہلاک ہوگئے۔

عینی شاہدوں کا کہنا ہے کہ ٹینکر ٹرک ،سطح سمندر سے تین ہزار400 میٹر کی بلندی پر سالانگ پاس کی تنگ سڑک پر سے گزرتے ہوئے بَس سے ٹکرانے کے بعد شعلوں کی لپیٹ میں آگیا۔ سالانگ پاس کابل کو شمالی صوبوں سے ملاتا ہے۔ پچھلے مہینے اسی سڑک پر تودے پھسلنے کے حادثوں میں کم سے کم 170 لوگ ہلاک ہوئے تھے۔
اسی دوران ، جنوبی افغانستان کے صوبے ہلمند کے ایک عہدے دار نے کہا ہے کہ سکیورٹی کے اہل کاروں نے دوایسے ممکنہ خود کُش حملہ آوروں کو ہلاک کردیا، جنہوں نے برقعے اوڑھے ہوئے تھے۔ صوبائى حکومت کے ترجمان داؤد احمدی نے کہا ہے کہ حملہ آوروں نے صوبائى دارالحکومت لشکر گاہ میں امریکہ میں قائم امدادی ادارے بین الاقوامی امداد اور ترقیات کے احاطے کو دھماکے سے اُڑا دینے کی کوشش کی تھی۔

اس سے پہلے کہ حملہ آور خود کو دھماکے سے اُڑاتے، احاطے کے محفطوں نے اُنہیں ہلاک کردیا۔ لیکن دونوں جانب سے فائرنگ کے نتیجے میں دو راہ گیر زخمی ہوگئے۔

منگل کے روز افغان حکومت نے اعلان کیا تھا کہ وہ قندھار شہر میں حفاظتی انتظامات میں اضافہ کرنے کے لیے وہاں پولیس کے مزید 1000 سے زیادہ اہل کاروں کو بھیجے گی۔

اس اعلان سے پہلے شہر میں طالبان کے متعدد مربوط خود کُش حملوں میں کم سے کم 35 لوگ ہلاک ہوگئے تھے۔


XS
SM
MD
LG