رسائی کے لنکس

پاکستان کو شکست، انڈر19 ایشیا کپ افغانستان کے نام


افغانستان نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 249 رنز کاہدف دیا تھا لیکن جواب میں پاکستانی بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پوری ٹیم صرف 63 رنز بنا سکی۔

پہلے بیٹسمینوں کی عمدہ کارکردگی اور پھر بولرز کی شاندار بولنگ کے باعث افغانستان نے انڈر 19 ایشیا کپ کے فائنل میں پاکستان کو 185 رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔

افغانستان نے پاکستان کو میچ جیتنے کے لئے 249 رنز کاہدف دیاتھا لیکن جواب میں پاکستانی بیٹسمینوں کی ناقص کارکردگی کی وجہ سے پوری ٹیم صرف 63 رنز بنا سکی۔

فائنل میں افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 7 وکٹیں گنوا کر 248 رنز بنائے۔

وکٹ کیپر بیٹسمین اکرام فیضی نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے اپنی سنچری مکمل کی۔ وہ 107رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ رحمٰن گل اور ابراہیم زردان دیگر نمایاں بلے باز رہے۔

اوپنرز رحمٰن گل اور ابراہیم زردان نے 61 رنز کا شاندار آغاز فراہم کیا۔ گل 40 اور زردان 36 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی طرف سے محمد موسیٰ نے 3، شاہین شاہ آفریدی نے 2 جبکہ حسن خان اور محمد طحہٰ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں پاکستان ٹیم کی اننگز کا آغاز مایوس کن رہا اور صرف 17 رنز پر اوپنرز کی جوڑی پویلین لوٹ گئی۔

نئے آنے والے بیٹسمین بھی افغان بولرز کی مزاحمت نہ کر سکے اور ایک کے بعد ایک پویلین واپس جاتے رہے اور پوری ٹیم 23 ویں اوور میں صرف 63 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

پاکستان کی طرف سے محمد طحہٰ نے سب سے زیادہ 19 جبکہ کپتان حسن خان نے 10 رنز بنائے۔

ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین ڈبل فیگر میں اسکور نہ کرسکا جبکہ تین بیٹسمین کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔

افغانستان کی طرف سے مجیب نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 وکٹیں حاصل کیں جبکہ قیس احمد نے 3 اور وفادار نے ایک وکٹ حاصل کی۔

XS
SM
MD
LG