رسائی کے لنکس

​ٹی 20 رینکنگ میں افغانستان سب سے آگے


راشد خان، محمد نبی، حضرت اللہ زازئی
راشد خان، محمد نبی، حضرت اللہ زازئی

افغان کرکٹرز راشد خان، حضرت اللہ زازئی اور محمد نبی نے ٹی20 انٹرنیشنل میچز میں اپنی عمدہ پرفارمنس سے نہ صرف ٹیم کو فتوحات دلائیں بلکہ خود کو دنیا کے دس بہترین بالرز، بیٹسمین اور آل راؤنڈرز کی فہرست میں بھی شامل کرالیا ہے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے ٹی 20 کی جو تازہ رینکنگ جاری کی ہے اس میں افغانستان کے اسپن بالر راشد خان دنیا کے نمبر ون بالر برقرار پائے ہیں، انہوں نے آئرلینڈ کے خلاف میچ میں چار گیندوں پر چار وکٹیں لے کر رینکنگ میں اپنی جگہ مستحکم کی۔

اسی طرح پچھلے میچ میں افغان بیٹسمین حضرت اللہ زازئی نے ریکارڑ توڑ 162 رنز ناٹ آؤٹ کی اننگز کھیلی تھی جو ٹی 20 کی تاریخ کا دوسرا سب سے زیادہ انفرادی اسکور ہے۔

اس اننگز کی بدولت وہ 31 درجہ بہتری کے بعد بلے بازوں کی رینکنگ میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔

آل راؤنڈر محمد نبی نے آئرلینڈ کے خلاف عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا تھا اور 181 کے اسٹرائیک ریٹ سے147 رنز بنائے تھے۔

انہوں نے سات اعشاریہ تین کے اکانومی ریٹ سے دو وکٹیں بھی لی تھیں جس کے نتیجے میں وہ آل راؤنڈرز کی فہرست میں تیسری پوزیشن برقرار رکھنے میں کامیاب رہے ہیں۔

آسٹریلیا کے گلین میکسویل نے بھی رینکنگ میں اپنی پوزیشن بہتر بنائی ہے۔ انہوں نے 56 اور 113 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو بھارت کے خلاف سیریز جتوائی اور خود بیٹسمینوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے۔

آئی سی سی رینکنگ کے مطابق بیٹسمینوں میں پاکستان کے بابر اعظم کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے۔ نیوزی لینڈ کے کولن منرو دوسرے، آسٹریلیا کے گلین میکسویل دو درجہ بہتری کے بعد تیسرے، آسٹریلیا کے آرون فنچ ایک درجہ تنزلی کے بعد چوتھے، ویسٹ انڈیز کے ایونس لوئیس ایک درجہ کم ہوکر پانچویں نمبر پر آگئے ہیں۔

بھارت کے لوکیش راہول نے اپنی پوزیشن بہتر کی ہے۔ وہ چار درجہ بہتر کرکے چھٹی پوزیشن پر آگئے ہیں۔ افغانستان کے حضرت اللہ زازئی 31 درجہ بہتری کے بعد ساتویں، آسٹریلیا کے آر سی شارٹ اپنی پوزیشن آٹھ درجہ بہتر بناکر آٹھویں، پاکستان کے فخرزمان نویں اور انگلینڈ کے ایلکس ہیلز دسویں نمبر پر ہیں۔

بالرز میں افغانستان کے راشد خان کی پہلی پوزیشن برقرار ہے۔ پاکستان کے شاداب خان ایک درجہ بہتری کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان ہی کے عماد وسیم نے بھی اپنی پوزیشن ایک درجہ بہتر بنائی ہے اور اب وہ تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔

بھارت کے کلدیپ یادیو 2 درجہ تنزلی کے بعد چوتھے، انگلینڈ کے عادل راشد پانچویں، آسٹریلیا کے آدم زامپا چھٹے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن ساتویں، نیوزی لینڈ کے اش سودھی آٹھویں، پاکستان کے فہیم اشرف نویں اور نیوزی لینڈ کے سینٹنر دسویں نمبر پر ہیں۔

نئی رینکنگ میں ٹاپ فائیو آل راؤنڈرز کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں آئی ہے۔ آسٹریلیا کے گلین میکسویل پہلے، بنگلہ دیش کے شکیب الحسن دوسرے، افغانستان کے محمد نبی تیسرے، بنگلہ دیش کے محمود اللہ چوتھے اور اسکاٹ لینڈ کے بیرنگٹن بدستور پانچویں نمبر پر براجمان ہیں۔

ٹیموں کی رینکنگ میں پاکستان کا پہلی پوزیشن پر قبضہ برقرار ہے جب کہ بھارت دوسرے، آسٹریلیا تیسرے، جنوبی افریقہ چوتھے، انگلینڈ پانچویں، نیوزی لینڈ چھٹے، ویسٹ انڈیز ساتویں، افغانستان آٹھویں، سری لنکا نویں اور بنگلہ دیش دسویں نمبر پر ہے۔

XS
SM
MD
LG