رسائی کے لنکس

افغانستان کرکٹ ٹیم تاریخ رقم کرنے کے قریب


زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم ٹرافی کے ساتھ۔ فائل فوٹو
زمبابوے کے خلاف سیریز جیتنے کے بعد افغان کرکٹ ٹیم ٹرافی کے ساتھ۔ فائل فوٹو

افغانستان کی کرکٹ ٹیم ٹیسٹ کا درجہ حاصل کرنے کے بعد اپنی تاریخ کا پہلا ٹیسٹ 14 جون کو بھارت کے خلاف کھیلے گی۔

بنگالورو میں کھیلے جانے والے اس ٹیسٹ میچ کیلئے چیف سلیکٹر اور سابق کپتان نوروز منگل نے افغانستان کی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے جس میں چار سپنر شامل کئے گئے ہیں۔ ان میں سے مجیب الرحمان اور امیر ہمزہ رِسٹ سپنر یعنی انگلیوں سے سپن کرنے والے بالر ہیں جبکہ راشد خان اور ظہیر خان کلائی سے سپن کرتے ہیں۔

راشد خان اور مجیب الرحمان انڈین پریمئر لیگ میں کھیل کر حال ہی میں واپس لوٹے ہیں ۔ یہ دونوں بالترتیب کنگز الیون پنجاب اور سن رائزرز حیدرآباد کی نمائیندگی کر رہے تھے۔ ظہیر خان بھی راجستھا ن رائلز کی طرف سے کھیل رہے تھے تاہم اُنگلی میں چوٹ لگ جانے کی وجہ سے وہ وقت سے پہلے وطن واپس پہنچ گئے۔ 19 سالہ ظہیر خان افغانستان کی انڈر۔ 19 ٹیم کا حصہ تھے جو اس سال جنوری فروری میں ہونے والے انڈر۔19 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہنچی تھی۔

بائیں ہاتھ سے سپن کرنے والے بالر ہمزہ اندرون ملک فرسٹ کلاس سیزن میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے بالر کی حیثیت سے ابھرے تھے۔

اپنی تاریخ کے پہلے ٹیسٹ کیلئے افغانستان کو اپنے سب سے زیادہ تجربہ کار بالر دولت زدران کی خدمت حاصل نہیں ہوں گی کیونکہ وہ گھٹنے میں چوٹ لگنے کے باعث دستیاب نہیں ہیں۔

ٹیم کی قیادت اصغر سٹانکزئی کریں گے۔ ٹیم میں تجربہ کار آل راؤنڈر محمد نبی اور وکٹ کیپر بیٹسمین محمد شہزاد بھی شامل ہیں۔

ٹیسٹ میچ سے قبل افغانستان کی ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف 3 جون سے تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز بھی کھیلے گی جس کیلئے نسبتاً زیادہ کم عمر کھلاڑیوں کا انتخاب کیا گیا ہے۔

افغانستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے:

ٹیسٹ ٹیم: اصغر سٹانکزئی (کپتان)، جاوید احمد، احسان اللہ، محمد شہزاد (وکٹ کیپر)، مجیب الرحمان، ناصر جمال، رحمت شاہ،حشمت اللہ شہیدی، افسر زازائی، محمد نبی، راشد خان، امیر ہمزہ، سید شیرزاد، یامین احمدزئی، وفادار اور ظہیر خان۔

ٹی ٹوئنٹی: اصغر سٹانکزئی (کپتان)، نجیب ترکئی، عثمان غنی، محمد شہزاد، مجیب الرحمان، نجیب اللہ زدران، سمیع اللہ شنواری، شفقت اللہ، درویش رسولی، محمد نبی، راشد خان، گلبدین نائب، کریم جنت، شرافت الدین اشرف، شپور زدران اور آفتاب عالم۔

XS
SM
MD
LG