رسائی کے لنکس

نیٹو فضائی حملے میں افغان انتخابی کارکن ہلاک ہوئے ہیں: کرزئی


افغان صدر حامد کرزئی نے کہا ہے کہ ملک کے شمال میں ہونے والے نیٹو فضائی حملے میں انتخابی مہم پر نکلنے والے کارکنوں کا ایک قافلہ زد میں آگیا ، جس میں 10شہری ہلاک ہوگئے۔

مسٹر کرزئی نے فضائی حملے کی مذمت کی ہے ، جو اُن کے بقول جمعرات کو صوبہٴ تکھر میں ہوا۔ نیٹو نے کہا ہے کہ اِس واقع کی تحقیقات کی جارہی ہے۔
تکھر کی صوبائی حکومت کے ترجمان فیض محمد توحیدی نے کہا ہے کہ نیٹو طیاروں نے یہ حملہ ایک میدوار کی انتخابی مہم پر نکلے ہوئے کارکنوں پر کیا۔ یہ پارلیمانی انتخابات 18ستمبر کو ہونے والے ہیں ۔ توحیدی کا کہنا ہے کہ اِس فضائی حملے میں امیدوار، عبدل وحید زخمی ہوگیا۔

یہ واقع ایسے وقت پیش آیا ہے جب امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس ، مسٹر کرزئی اور نیٹو افواج کے کمانڈر اور امریکی جنرل ڈیوڈ پیٹرئیس سے ملاقات کرنے کے لیے جمعرات کو کابل پہنچے ہیں۔
نیٹو کارروائیوں کے نتیجے میں ہونے والی سویلین ہلاکتوں کا معاملہ صدر کرزئی اور اتحاد کے ارکان کے درمیان تناؤ کا ایک اہم سبب بنا رہا ہے۔

نیٹو نے کہا ہے کہ افغانستان میں ہونے والی تازہ ترین لڑائی میں دو امریکی فوجی اور 28باغی، اور ایک طالبان کمانڈر، ہلاک ہوگئےہیں۔

XS
SM
MD
LG