رسائی کے لنکس

وزیر داخلہ اور سیکیورٹی چیف کی برطرفی افغانستان کا اندورنی معاملہ ہے: رابرٹ گیٹس


امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے پیر کے روز لندن جاتے ہوئے نامہ نگاروں سے گفتگو کے دوران افغان صدر حامد کرزئی کی جانب سے وزیر داخلہ اور سیکیورٹی کے سربراہ کی برطرفی پر تنقید سے گریز کیا۔

افغان وزیر داخلہ حنیف اتمار اور انٹیلی جنس کے سربراہ امر اللہ صالح کو اپنی برطرفی سے قبل بھرپور امریکی حمایت حاصل تھی۔

مسٹر گیٹس نے کہا کہ ان عہدے داروں کی برطرفی افغانستان کا اندرونی معاملہ ہے۔ انہوں نے صدر کرزئی پر زور دیا کہ وہ ان عہدوں پر متبادل کے طورپر اتنی ہی صلاحیت رکھنے والے افراد کی تعیناتی کریں۔

وزیر داخلہ گیٹس نے کہا کہ اعلی سیکیورٹی عہدےداروں کے استعفے پچھلے ہفتے قومی امن جرگے پر طالبان کے ناکام حملے کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس حملے کی ذمہ داری کا تعین کرنے کی ضرورت تھی۔

اتوار کے روز مسٹر کرزئی کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ طالبان حملے کے بارے میں مذکورہ دونوں عہدے داروں کی وضاحت تسلی بخش نہیں تھی۔

مسٹر حامد کرزئی نے منیر مغل کو قائمقام وزیر داخلہ اور ابراہیم سپن زادہ کو انٹیلی جنس کا قائمقام سربراہ مقرر کیا ہے۔

XS
SM
MD
LG