رسائی کے لنکس

قندھار میں کامیابی انتہائی اہم ہے: امریکی وزیر دفاع


امریکی وزیر دفاع رابرٹ گیٹس نے کہا ہے کہ افغانستان میں شدت پسندی کے خاتمے کے لیے طالبان جنگجوؤں کے گڑھ جنوبی شہر قندھار میں عسکری کامیابی انتہائی اہم ہے۔

رابرٹ گیٹس نے یہ بات جمعہ کے روز قندھار میں امریکی فوجی اڈے”کیمپ نیتھن سمتھ“ پراہلکاروں سے خطاب میں کہی۔ اس اڈے پر امریکی فوج کی چوتھی انفنٹری ڈویژن کی فرسٹ بریگیڈکے اہلکار تعینات ہیں۔ اس دستے سے تعلق رکھنے والے سات فوجی پیر کے روز دو مختلف حملوں میں ہلاک ہو گئے تھے۔

ان ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے رابرٹ گیٹس کا کہنا تھا کہ مستقبل میں امریکی فوج کو شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں مزید کٹھن وقت کا سامنا کرنا پڑے گا۔

ایک فوجی کی طرف سے پوچھے گئے اس سوال پر کہ امریکی افواج پاکستان میں موجود شدت پسندوں کے خلاف کارروائی کیوں نہیں کرتیں، وزیر دفاع نے بتایا کہ امریکہ اسلام آباد پر زور دے رہا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی فورسز عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کا دائرہ افغان سرحد سے ملحقہ قبائلی علاقے شمالی وزیرستان تک بڑھائیں۔

”میرے خیال میں پاکستان میں براہ راست امریکی فوجی مداخلت کے امکانات بہت کم ہیں۔“ البتہ اُنھوں نے کہا کہ ہر کوئی اس بات سے آگاہ ہے کہ سرحد پار شدت پسندوں کے ٹھکانے ایک ”بڑا مسئلہ“ ہیں۔

رابرٹ گیٹس نے خدشہ ظاہر کیا کہ پاکستان میں حالیہ تباہ کن سیلاب کے پیش نظر شمالی وزیرستان میں پاکستانی فوج کی ممکنہ فوجی کارروائی میں کچھ تاخیر ہو سکتی ہے۔

XS
SM
MD
LG