امریکی وزیرِ دفاع رابرٹ گیٹس نے امریکی سینٹروں کو بتایا ہے کہ وہ افغانستان میں طالبان کو شکست دینے کے بارے میں محتاط طور پر امید ہیں۔
رابرٹ گیٹس نے جمعرات کے روز بیان دیتے ہوئے کہا کہ افغانستان کے لیے 30 ہزار مزید امریکی فوجیوں کی تعیناتی کے بغیر بھی طالبان کے خلاف ان کا پلہ بھاری ہے۔
انہوں نے کہا طالبان سفاک ہو سکتے ہیں لیکن وہ افغانستان میں ناقابلِ یقین حد تک غیر مقبول بھی ہیں۔ تاہم گیٹسن نے اس بارے میں خبردار کیا کہ آنے والے دن مشکل ہوں گے۔
رابرٹ گیٹس اور وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن سینٹ کی کمیٹی کے سامنے پیش ہوئے جس کا مقصد افغانستان میں امریکی فوج اور سویلین عملے کے لیے 35 ارب ڈالر سے زائد اضافی فنڈ مختص کرنے کی حمایت کرنا تھا۔
ہلری کلنٹن نے کہا کہ افغانستان میں سویلین عملے کی تعداد میں گذشتہ سال چار گنا کا اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے افغان فوج کے لیے مزید دو ارب ڈالر کا مطالبہ کیا تاکہ وہ ان علاقوں پر عمل داری برقرار رکھ سکیں جہاں پہلے طالبان کا قبضہ تھا۔ ایسے علاقوں میں جنوبی افغانستان کا قصبہ مرجا شامل ہے۔