رسائی کے لنکس

افغانستان میں دو نیٹو فوجی ہلاک


افغانستان میں تعینات نیٹو افواج کا کہنا ہے کہ جمعرات کے روز دو مختلف پرتشدد واقعات میں اس کے دواہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ حملے افغانستان کے مشرقی اور جنوبی علاقوں میں کیے گئے اور ہلاک ہونے والوں میں ایک امریکی فوجی شامل ہے۔

رواں ماہ اب تک مشتبہ طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں لگ بھگ 20 غیر ملکی فوجی مارے جا چکے ہیں جب کہ جون میں 60 امریکی فوجیوں سمیت ایک سو سے زائد نیٹو فوجی ہلاک ہوئے تھے جو 2001ء سے افغانستان میں تعینات بین الاقوامی افواج کو کسی ایک ماہ میں پہنچنے والا سب سے بڑا جانی نقصان ہے۔

دریں اثناء نامعلوم مسلح حملہ آوروں نے افغان پولیس کے شعبہ انٹیلی جنس کے ایک اعلیٰ افسر محمد گل کو ان کے محافظ سمیت فائرنگ کر کے ہلاک کر دیا ہے۔محمد گل پر حملہ بدھ کی رات ان کے گھر کے قریب کیا گیا ۔

حکام کے مطابق محمد گل کابل کے مغربی حصے میں دہشت گردانہ حملے روکنے اور شدت پسندوں کی نشاندہی کے لیے کی جانے والی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔

اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی تنظیم نے قبول نہیں کی ہے لیکن ماضی میں طالبان جنگجو اعلیٰ حکومتی افسران کو نشانہ بناتے رہے ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ مہینوں میں افغانستان کے مختلف علاقوں میں پرتشدد واقعات میں خاصا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

XS
SM
MD
LG