رسائی کے لنکس

افغان فوج کی تربیت کے لیے مزید ماہرین کی ضرورت ہے: نیٹو



نیٹو کے سربراہ نے رُکن ملکوں سے کہا ہے کہ وہ افغان فوج اور پولیس کو تربیت دینے کے لیے فوری طور مزید فوجی ماہرین فراہم کریں تاکہ افغانستان کے لوگ طے شدہ منصوبے کے مطابق، سکیورٹی کی ذمّے داریاں خود سنبھال سکیں۔

نیٹو کے سیکریٹری جنرل اینڈرس فو رَسمُو سَین نے پیر کے روز بروسلز میں کہا ہے کہ نیٹو نے افغانستان کو اگلے محاذ کے مزید لگ بھگ 40 ہزار فوجی بھیج کر اگرچہ اپنے ہدف کو کامیابی کے ساتھ پورا کرلیا ہے۔ لیکن افغان فوجوں کو موجودہ تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے نیٹو کو اب بھی فوج کو تربیت دینے والے ماہرین کی مزید 21 ٹیموں اور پولیس کو تربیت دینے والے ماہرین کی 100 سے زیادہ ٹیموں کی ضرورت ہے۔ رائیٹر نے نیٹو کے عہدے داروں کے حوالے سے کہا ہے کہ اس وقت افغان فوج اور پولیس کو تربیت فراہم کرنے والے دو ہزار سے لے کر دو ہزار 400 تک ماہرین کی کمی ہے۔

دنیا کی بڑی بڑی طاقطوں نے پچھلے ہفتے افغان فوج کی نفری کو لگ بھگ ایک لاکھ 71 ہزار تک اور افغان پولیس فورس کی نفری کو تقریباً ایک لاکھ 34 ہزار تک بڑھا دینے کا فیصلہ کیا تھا۔رَسمُو سَین نے وعدہ کیا ہے کہ وہ اس ہدف کو پورا کرنے کے لیے تربیت دینے والے ماہرین کی مزید بین الاقوامی ٹیموں کے لیے اپنی کوشش جاری رکھیں گے۔

XS
SM
MD
LG