رسائی کے لنکس

نیٹو کے فوجیوں کی فائرنگ سے چار افغان شہری ہلاک


افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ مشرقی افغانستان میں ایک موٹر گاڑی پر نیٹو کے فوجیوں کی فائرنگ سے چار عام شہری ہلاک ہوگئے۔

نیٹو نے منگل کے روز کہا ہے کہ اُس کی موٹر گاڑیوں کے ایک قافلے نےپیر کے روز صوبہ خوست میں اُس موٹر گاڑی پر اُس وقت فائرنگ کی تھی ، جب اُس میں سوار لوگوں نے گاڑی روکنے کے لیے انتباہوں کو نظر انداز کردیا تھا۔نیٹو کے عہدے داروں نے پہلے کہا تھا کہ ہلاک ہونے والوں میں دو” معروف باغی “ شامل ہیں۔ لیکن بعد میں انہوں نے اعتراف کیا کو وہ چاروں عام شہری ہوسکتے ہیں۔

ہلاک شدگان کے اہل خاندان کا کہنا ہے کہ وہ سب دو طلبا سمیت عام شہری تھے۔

افغان صدر حامد کرزئى نے ان ہلاکتوں کی مذمّت کی ہے اور واقعے کی چھان بین کا حکم دے دیا ہے۔مسٹر کرزئى نے افغانستان میں بین الاقوامی فوجوں سے مطالبہ کیا کہ وہ عام شہریوں کو ہلاکتوں سے بچائیں۔

اِس ماہ کے شروع میں نیٹو کے فوجیوں مے جنوبی افغانستان میں ایک بَس پر گولی چلا کر کم سے کم چار عام شہریوں کو ہلاک کردیا تھا، جس کے نتیجے میں برہم لوگوں نے امریکہ کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع کردیے تھے۔

اِسی دوران افغان عہدے داروں نے منگل کے روز کہا ہے کہ جنوبی شہر قندھار کے ڈپٹی مئیر عزیزاللہ یرمال کو کسی نے اُس وقت گولی مار کر ہلاک کردیا جب وہ ایک مسجد میں نماز پڑھ رہے تھے۔

XS
SM
MD
LG