رسائی کے لنکس

خوست میں نیٹو کیمپ پر طالبان کا حملہ پسپا


خوست میں نیٹو کیمپ پر طالبان کا حملہ پسپا
خوست میں نیٹو کیمپ پر طالبان کا حملہ پسپا

اتحادی افواج اور افغان سکیورٹی فورسز نے ہفتے کو علی الصباح مشرقی افغانستان میں نیٹو کے دو کیمپوں پر طالبان کی طرف سے کیے جانے والے حملے کو پسپا کردیا ہے۔

نیٹو افواج کے مطابق حملہ آوروں نے صوبہ خوست میں چیپمین اور سیلرون نامی کیمپوں پر راکٹوں اور بھاری ہتھیاروں سے حملہ کیا تاہم بھرپور جوابی کارروائی کرکے ایک درجن سے زائد عسکریت پسندوں کو ہلاک اور کچھ کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ان حملوں میں اتحادی افواج اور افغان سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی کوئی اہلکار زخمی ہوا ہے۔

یاد رہے کہ گذشتہ سال دسمبر میں نیٹو کے چیپمین کیمپ پر ہونے والے ایک خودکش حملے میں امریکی انٹیلی جنس اداے سی آئی اے کے سات اہلکار ہلاک ہوگئے تھے جو کہ سی آئی اے کی تاریخ کا دوسرا بڑا ہلاکت خیز واقعہ تھا۔

خوست پولیس کے سربراہ عبدالحکیم اسحق زئی کا کہنا ہے کہ پولیس کو سیلرون کیمپ کے باہر سے 14عسکریت پسندوں کی لاشیں ملی ہیں جب کہ پانچ شدت پسندوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔

طالبان کے ایک ترجمان مجاہد ذبیح اللہ کا کہنا ہے کہ ان کے تقریباً 30ساتھیوں نے ان کیمپوں پر حملے میں حصہ لیا جن میں کچھ خودکش بمبار بھی شامل تھے۔

XS
SM
MD
LG