رسائی کے لنکس

افغانستان: مختلف حملوں میں 10 عام شہری اورنیٹو کےچھ فوجی ہلاک


نیٹو کے عہدے داروں نے پیر کے روز کہا کہ افغانستان کے طول و عرض میں کیے جانے والے حملوں میں کم سے کم 10 عام افغان شہری اور نیٹو کے چھ فوجی ہلاک ہوگئے۔

تشدّد کے بیشتر واقعات جنوب میں طالبان کے مضبوط گڑھ میں ہوئے۔افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ قندھار میں ایک ایسے خودکُش حملے میں ، جس کا ہدف بین الاقوامی فوجیں تھیں، نیٹو کا ایک فوجی اور چار عام شہری ہلاک ہوگئے۔طالبان نے اس حملے کی ذمّے داری کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس نے کہا ہے کہ بعد میں ایک اور کار بم قندھار شہر کی پولیس کے ہیڈ کوارٹر کے باہر پھٹا۔ اس حملے میں پولیس کے لیے کام کرنے والا ایک عام شہری مارا گیا اور کئى افراد زخمی ہوئے۔

جنوب ہی میں بموں کے حملوں میں کم سے کم پانچ اور افغان شہری ہلاک ہوئے۔

نیٹو نے پیر کے روز چار واقعات میں اپنے پانچ فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاع دی ہے۔ان میں سے دو فوجی مغربی افغانستان میں راکٹ کے ایک حملے میں ہلاک ہوئے۔ جنوب میں ایک فوجی چھوٹے ہتھیاروں کی فائرنگ سے اور ایک فوجی سڑک کے کنارے بم کے دھماکے میں ہلاک ہوا۔ نیٹو کا ایک اور فوجی ملک کے مشرق میں راکٹ یا مارٹر کے فائر سے ہلاک ہوا۔

اسی دوران، افغان اور بین الاقوامی فوجیں صوبہ ہلمند کے شہر مرجاہ میں بدستور اپنے ٹھکانوں کو قلعہ بند کررہی ہیں۔کمانڈروں کا کہنا کہ مرجاہ شہر پر قبضہ ، طالبان کو اُن کے جنوب کے مضبوط ٹھکانے سے نکال باہر کرنے کے لیے ایک وسیع تر حملے میں پہلا قدم ہے۔

توقع ہے بین الاقوامی اور افغان فوجیں بعد میں برابر کے صوبے قندھار کے دارالحکومت میں طالبان کو ہدف بنائیں گی۔

کمانڈروں کا کہنا ہے کہ وہ جنگجوؤں کے کنٹرول علاقوں کو طالبان سے پاک کرنے کے بعد مقامی لوگوں کو امن و امان اور ضروری سہولتیں فراہم کرنے کے لیے تیزی کے ساتھ صوبائى اور ضلعی حکام اور پولیس کو اُن علاقوں میں لارہے ہیں۔

XS
SM
MD
LG