رسائی کے لنکس

جنگ میں کامیابی کے لیے باہمی تعاون ناگزیر


جنرل ڈیوڈ پیٹریاس (فائل فوٹو)
جنرل ڈیوڈ پیٹریاس (فائل فوٹو)

افغانستان میں تعینات امریکہ اور اتحادی افواج کے نئے سربراہ جنرل ڈیوڈ پیٹریاس نے شدت پسندوں کے خلاف جنگ میں کامیابی اور ملکی استحکام کے لیے سول اور عسکری کوششوں میں اتحاد پر زور دیا ہے۔

ہفتے کے روز کابل میں امریکی سفارتخانے میں مدعو کیے گئے تقریباً 1700لوگوں کے اجتماع،جن میں افغان حکام،فوج اور پولیس کے افسران بھی شامل تھے، سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ” اس اہم جدوجہدمیں تعاون کے بغیر کوئی راستہ نہیں“۔ان کے بقول فوجی و غیر فوجی،افغان اور غیر ملکی سب ایک مشترکہ مشن پر ایک ہی ٹیم کا حصہ ہیں۔

جنرل پیٹریاس نے کہا کہ افغان حکومت کو شدت پسندوں کے مقابلے میں زورآور بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں ناگزیر ہیں۔”آپکی کامیابی،ہماری کامیابی ہے“۔

جنرل ڈیوڈ پیٹریاس اتحادی افواج کی کمان سنبھالنے کے لیے جمعے کو کابل پہنچے تھے۔ بین الاقوامی افواج کے سابق سربراہ جنرل اسٹینلی میک کرسٹل کو گذشتہ ماہ صدر براک اوباما نے اپنی انتظامیہ کے بارے میں نامناسب بیان دینے پر برطرف کردیا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفیر کارل ایکن بری نے کہا کہ امریکہ میں افغان جنگ کے لیے عوامی سطح پر حمایت میں کمی اور اوباما انتظامیہ کی طرف سے 2011ء کے وسط میں افواج کی واپسی کی شروعات کے اعلانات کے باجود افغانستان کے حوالے سے ان کے ملک کا عزم کمزور نہیں ہوگا۔

XS
SM
MD
LG