رسائی کے لنکس

افغان پولیس اسٹیشن پر حملے میں ایک اہلکار اور چار جنگجو ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

طالبان جنگجوؤں نے جمعہ کے روز افغانستان کے مشرقی صوبہ پکتیکہ کے علاقے اْرگن میں قائم ایک پولیس اسٹیشن پر ایک منظم حملہ کیا لیکن وہاں موجود اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں پولیس کو بڑا جانی نقصان پہنچانے میں ناکام رہے۔

حکام کے مطابق حملے میں بارود سے لدے ٹرک میں سوار ایک خودکش حملہ آور کے علاوہ چھ مسلح عسکریت پسندوں نے حصہ لیا۔خودکش حملہ آور نے ٹرک پولیس اسٹیشن کے داخلی دروازے سے ٹکرا دیا جس سے وہاں تعینات ایک اہلکار ہلاک ہو گیا۔

دھماکے کے بعد پولیس اہلکاروں اور دیگر جنگجوؤں کے درمیان تقریباً آدھ گھنٹے تک جاری رہنے والی فائرنگ کے تبادلے میں تین حملہ آور مارے گئے جب کہ بچ جانے والے عسکریت پسند وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔

دریں اثنا افغانستان کے جنوبی شہرقندھار میں سڑک کنارے نصب کردہ بم پھٹنے سے ایک شہری ہلاک اور تین بچے زخمی ہو گئے۔ خیال ظاہر کیا جا رہا ہے کہ بم کا ہدف افغان انٹیلی جنس اہلکاروں کی ایک گاڑی تھی جس کو دھماکے میں نقصان پہنچا لیکن اس میں سوار افراد محفوظ رہے۔

اس سال کے اوائل سے افغانستان میں طالبان جنگجوؤں کے حملوں میں تیزی آئی ہے اور منگل کو کابل میں کیے گئے ایک خودکش کار حملے میں
پانچ امریکی فوجیوں اور کینیڈین فوج کے ایک اعلیٰ افسر سمیت کم از کم 18 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

XS
SM
MD
LG