رسائی کے لنکس

افغانستان نے سری لنکا کو ایشیا کپ سے باہر کردیا


افغان کھلاڑی سری لنکا سے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ 17 ستمبر 2018
افغان کھلاڑی سری لنکا سے اپنی جیت پر خوشی کا اظہار کر رہے ہیں۔ 17 ستمبر 2018

سری لنکن ٹیم کے گروپ مرحلے ہی میں ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد 20 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا گروپ میچ رسمی ہو گا۔

ایشیا کپ میں گروپ ’بی‘ کے اہم میچ میں تھساراپریرا کی پانچ وکٹوں کے باوجود افغانستان نے پانچ مرتبہ کی ایشین چمپئن سری لنکا کو 91 رنز سے شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا۔

سری لنکن کپتان نے بنگلادیش اور افغانستان سے شکست کو افسوسناک قرار دیتے ہوئےسری لنکن شائقین سے معذرت کی اور کہا کہ ٹیم نے بدترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔

افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 249 رنز بنائے۔ ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی پوری ٹیم 41 اعشاریہ 2 اوورز میں 158 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سری لنکا کی ٹیم کو پہلے ہی اوور میں کوسل مینڈس کی وکٹ کی شکل میں نقصان اٹھانا پڑ اتاہم تھرنگا اور ڈی سلوا نے دوسری وکٹ کی شراکت میں 53 رنز جوڑ کو ٹیم کے خسارے کو کسی حد تک کم کیا لیکن ڈی سلوا 23 رنز کی اننگز کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔

کوسل پریرا بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے اور17 رنز بناکر راشد خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے، کپتان میتھیوزنے صرف 22 رنز بنائے۔

سری لنکن بیٹسمین افغان بولرز کے سامنے بے بس نظر آئے اور وقفے وقفے سے اپنی وکٹیں گنواتے رہے، یوں پوری ٹیم 158 رنز ہی بنا سکی۔

افغانستان نے میچ اپنے نام کر کے نہ صرف حریف ٹیم کو ایونٹ سے باہر کر دیا بلکہ سپر فور مرحلے میں بھی جگہ بنا لی۔

افغانستان کے رحمت شاہ کو بہترین بیٹنگ پرفارمنس پر مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔

افغانستان کی طرف سے مجیب الرحمان، گلبدین نائب، محمد نبی اور راشد خان نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔

سری لنکن ٹیم کے گروپ مرحلے ہی میں ایونٹ سے باہر ہونے کے بعد 20 ستمبر کو بنگلہ دیش اور افغانستان کا گروپ میچ رسمی ہو گا۔

ایونٹ میں منگل کو بھارت اور ہانگ کانگ کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی۔

XS
SM
MD
LG