رسائی کے لنکس

افغانستان میں برقعہ پوش خودکش بمبارہلاک


افغانستان میں برقعہ پوش خودکش بمبارہلاک
افغانستان میں برقعہ پوش خودکش بمبارہلاک

افغانستان کے جنوبی شہر لشکر گاہ میں حکام نے بدھ کی صبح دو برقعہ پوش خودکش بمباروں کو اُس وقت گولیاں مار کر ہلاک کر دیا جب وہ امریکہ سے منسلک ایک امدادی تنظیم کے دفتر میں داخل ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔

ایک صوبائی ترجمان نے بتایا کہ حملہ آوروں نے برقعوں کے نیچے بارود سے بھری جیکٹیں پہن رکھی تھیں اور انھوں نے انٹرنیشنل ریلیف اینڈ ڈویلپمنٹ نامی تنظیم کے دفتر کے داخلی دروازے پر موجود محافظوں پر اچانک فائرنگ شروع کردی جنہوں نے جوابی کارروائی کر کے دونوں خودکش بمباروں کو ہلاک کر دیا۔

تاہم ترجمان نے کہا کہ خوش قسمتی سے اُن کے جسموں سے بندھے بارود میں دھماکا نہ ہونے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ حکام نے بارود سے بھری جیکٹوں اور خودکار ہتھیاروں کو قبضے میں لے لیا ہے۔

لشکر گاہ جنوبی افغان صوبے ہلمند کا مرکزی شہرہے اور مارجہ شہر سے صرف 20 کلومیٹر دور ہے جہاں امریکہ کی قیادت میں لگ بھگ 15 ہزار غیر ملکی افواج طالبان جنگجوؤں اور منشیات فروشوں کے اڈوں کو ختم کرنے کے لیے آپریشن مشترک کے نام سے ایک بڑی کارروائی میں مصروف ہیں۔

XS
SM
MD
LG