رسائی کے لنکس

افغانستان : پولنگ اسٹیشنوں کو نشانہ بنانے کی دھمکی


افغان طالبان
افغان طالبان

افغان طالبان نے اپنی دھمکی کو دوہراتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ہفتے کے روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات کو نشانہ بنائیں گے۔

جمعرات کے روز طالبان نے لوگوں سے انتخابات کا بائیکاٹ کرنے پرزور دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک بھر کے پولنگ اسٹشنوں پر حملے کریں گے۔

افغانستان کے ایوان زیریں کی 249 نشستوں کے لیے تقریباً 2500 امیدوار میدان میں ہیں۔

شورش پسند پہلے ہی 18 ستمبر کو ہونے والے انتخابا ت کے کم ازکم تین امیدواروں اور انتخابی کارکنوں کو ہلاک کرچکے ہیں۔

طالبان کی دھمکیوں کے باوجود افغان حکومت کے عہدے داروں نےپولنگ اسٹیشنوں پر جانے والے ووٹروں کو تحفظ کا یقین دلایا ہے۔

انتخابات کے موقع پر ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنوں کی حفاظت کے لیے ڈھائی لاکھ پولیس اہل کار اور فوجی تعینات کیے جارہے ہیں ، جنہیں بین الاقوامی فورسز کا پشت پناہی حاصل ہوگی۔

جمعرات کے روز نیٹو نے کہا کہ جنوبی افغانستان میں ایک شورش پسند نے اس کے ایک اہل کار کو ہلاک کردیا ۔

نیٹو کا یہ بھی کہنا ہے کہ شمالی صوبے قندوز میں بدھ کی رات اتحادی فورسز کے ایک ہوائی حملے میں آٹھ عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔ اس کارروائی کا ہدف ایک ضلعی طالبان کمانڈر تھا ، جو نیٹو کے مطابق ہفتے کے روز ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں خلل ڈالنے کے لیے حملوں کی منصوبہ بندی کررہاتھا۔

نیٹو کا کہنا ہے کہ جنوبی صوبے ارزگان میں اتحادی دستوں نے احتجاج کرنے والے ایک شخص کوگولی مادی، جو ایک فوجی مرکز میں گھسنے کی کوشش کررہاتھا۔ نیٹو کا کہنا ہے کہ وہ شخص قرآن نذر آتش کرنے کے منصوبے کے خلاف احتجاج کرنے والے لگ بھگ ایک سو افراد پر مشتمل ان مظاہرین میں شامل تھا جو اتحادی افواج پر پتھراؤ کررہے تھے۔

XS
SM
MD
LG