رسائی کے لنکس

کابل خودکش حملے میں چار شہری ہلاک


فائل فوٹو
فائل فوٹو

افغان دارالحکومت کابل میں اتوار کے روزایک خودکش بم دھماکے میں چار شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام کے مطابق حملہ شہر کے مشرقی حصے میں ایک مرکزی شاہراہ پر ہوا اور بظاہر اس کا ہدف وہاں سے گزرنے والا بین الاقوامی سکیورٹی فورسز کا ایک قافلہ تھا۔

ابتدائی طور پر اس دھماکے میں غیر ملکی فوجیوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی ہے۔ نیٹو کے ترجمان کا کہنا ہے کہ اتحادی افواج کو واقعے کا علم ہے لیکن انھوں نے فوری طور پر کو ئی تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں۔

واضح رہے کہ یہ حملہ کابل میں منگل کے روز منعقد ہونے والی بین اقوامی کانفرنس کے سلسلے میں سخت سکیورٹی انتظامات کی موجودگی میں کیا گیا ہے۔ اس کانفرنس میں امریکی وزیرِ خارجہ ہلری کلنٹن اور اقوامِ متحدہ کے سربراہ بان گی مون سمیت تقریباً 60 ممالک کے وزراء شریک ہو رہے ہیں۔

ادھر نیٹو نے اپنے ایک الگ بیان میں کہا ہے کہ جنوبی افغانستان میں ایک دیسی ساختہ بم پھٹنے سے اس کا ایک فوجی ہلاک ہوا ہے ۔ تاہم اس واقعہ کی مزید کوئی تفصیلات نہیں دی گئی ہیں۔ اس ماہ اب تک افغانستان میں 54 غیر ملکی فوجی ہلاک ہو چکے جن میں اطلاعات کے مطابق 40 کا تعلق امریکہ سے ہے۔ جون کا مہینہ بین الاقوامی افواج کے لیے سب سے زیادہ ہلاکت خیز ثابت ہوا ہے جس میں مجموعی طور پر 103 غیرملکی فوجی مارے گئے تھے۔

دریں اثناء افغانستان کے مغربی شہر فرح میں طالبان جنگجوؤں نے اتوار کو ایک مربوط کارروائی کرتے ہوئے وہاں موجود جیل میں قید 11 شدت پسندوں کو چھڑوا لیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ طالبان نے کارروائی کا آغاز مقامی وقت کے مطابق رات دو بجے کے قریب فرح شہر میں مختلف مقامات پر قائم پولیس چوکیوں پر سلسلہ وار حملوں سے کیا اور جب سکیورٹی فورسز ان حملوں کو پسپا کرنے میں مصروف تھیں اسی دوران فرح جیل میں بم دھماکا کرکے قیدیوں کے لیے فرار کا راستہ بنایا گیا۔

صوبہ فرح کے ایک اعلیٰ عہدیدار یونس رسولی کے مطابق کل 23 قیدی جیل سے بھاگنے میں کامیاب ہوگئے تھے لیکن ان میں سے 11 کو دوبارہ حراست میں لے لیا گیا۔ اطلاعات کے مطابق واقعے میں ایک قیدی مارا گیا جب کہ تین زخمی ہوئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ حملے میں پولیس کا ایک اہلکار بھی ہلاک ہوا ہے۔

جو قیدی فرار ہوئے ہیں ان کے بارے میں فوری طور پر تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔فرح جیل میں اس وقت 347 افراد قید ہیں جب کہ اس قید خانے کی اصل گنجائش صرف 86 افراد کی ہے۔

XS
SM
MD
LG