نیٹو حکام کا کہنا ہے کہ جنوبی افغانستان میں دو مختلف بم دھماکوں میں پانچ امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ چار فوجی ایک ہی بم دھماکے میں جب پانچوا ں امریکی فوجی جنوبی افغانستان کے ہی ایک دوسرے علاقے میں بم دھماکے میں ہلاک ہوا۔
افغانستان کے جنوبی حصے طالبان شدت پسندوں کا مضبوط گڑھ ہیں جہاں امریکہ اور بین الاقوامی افواج کی کارروائیوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے۔ جنوبی صوبے ہلمند میں رواں سال اتحادی افواج نے ایک بڑی کارروائی کی تھی جب کہ قندھار میں عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی تیز کرنے کی تیاریا ں مکمل ہوچکی ہیں۔
ان تازہ ہلاکتوں سے رواں ماہ ہلاک ہونے والے بین الاقوامی فوجیوں کی تعداد 69ہوگئی ہے جس میں 52امریکی بھی شامل ہیں۔
دریں اثناء صوبہ خوست میں گذشتہ روز ایک مسجد میں بم دھماکے میں شدید زخمی ہونے والے ایک مقامی رہنماء مولوی صیاد اللہ ہلاک ہو گئے ہیں، وہ ملک میں ہونے والے آئندہ پارلیمانی انتخابات کے لیے ایک اُمیدوار تھے۔ اُنھیں بم دھماکے کا نشانہ اُس وقت بنایا گیا تھاجب وہ مسجد میں تقریرکر رہے تھے، اس حملے میں اُن کے محافظوں کے علاوہ 15 عام شہری شدید زخمی ہو گئے تھے۔