رسائی کے لنکس

جلال آباد : بینک پر حملے میں ہلاکتوں میں اضافہ


جلال آباد : بینک پر حملے میں ہلاکتوں میں اضافہ
جلال آباد : بینک پر حملے میں ہلاکتوں میں اضافہ

افغانستان کے مشرقی جلال آباد شہر میں ایک روز قبل ایک بینک پر طالبان عسکریت پسندوں کے حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 38 ہوگئی ہے جبکہ 70 سے زائد افراد اس کارروائی میں زخمی ہوئے تھے۔

مشین گنوں اور دستی بموں سے مسلح سات طالبان خودکش بمباروں نے ہفتہ کی صبح کابل بینک کی ایک شاخ پر دھاوا بول دیا تھا۔ سیکورٹی فورسز نے فوری طور پر بینک کی عمارت کو گھیرے میں لے لیا اور کئی گھنٹوں تک عسکریت پسندوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ کرتی رہیں جس کے بعد حملہ آوروں اپنے جسموں سے بندھے بارود میں دھماکے کردیے۔

صوبائی ترجمان احمد ضیاء عبدل زئی نے فرانسی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے اس واقعہ میں 38 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے ۔اس سے قبل افغان حکام نے اس خودکش حملے میں اٹھارہ افراد کی ہلاکت کی اطلاع دی تھی۔

اپنی تنخواہوں کی وصولی کے لیے بینک میں موجود پولیس اہلکار بھی اس حملے کا نشانہ بننے والوں میں شامل ہیں۔ صوبائی ترجمان کے مطابق زخمی ہونے والوں میں پولیس کے نائب صوبائی سربراہ اور جرائم کی تحقیقات کرنے والے پولیس کے ڈپارٹمنٹ کے سربراہ بھی شامل ہیں جنھیں علاج کے لیے امریکہ کے زیر کنٹرول بگرام ائر بیس پر فوجی ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔

افغان وزار ت داخلہ کے ترجمان زمارے بشری نے کہا ہے کہ مرنے والوں میں 21 کا تعلق سیکورٹی فورسز سے ہے۔

گزشتہ ایک ہفتے کے دوران افغانستان میں پولیس کو ہدف بنا کر کیا گیا یہ تیسرا حملہ تھا۔ طالبان کے ایک ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔

جلال آباد مشرقی افغان صوبے ننگرہار کا دارالخلافہ ہے اور اس کی سرحدیں پاکستان سے ملی ہوئی ہیں۔

XS
SM
MD
LG