رسائی کے لنکس

افغانستان بم دھماکے میں سات ہلاک


جنوبی افغان صوبے ہلمند کے دارالحکومت لشکرگا ہ میں منگل کے روز ایک ریمورٹ کنڑول بم دھماکے میں کم ازکم سات افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ہیں۔ سائیکل میں نصب بم دھماکا ایک سرکاری عمارت کے سامنے ہوا اور مرنے والوں کی اکثریت عام شہریوں کی ہے۔

یہ دھماکا ایک ایسے روز ہوا جب ہلمند کے مرکزی شہر مرجاہ میں امریکہ، نیٹو اور افغان فوجیں طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف ایک بڑے آپریشن میں مصروف ہیں۔ یہ علاقہ عسکریت پسندوں اور منشیات کے سمگلروں کا ایک مضبوط گڑھ مانا جاتا ہے۔

افغانستان میں عسکریت پسندوں کے خلاف اتحادی افواج کی کارروائیوں اور دہشت گردی کے واقعات میں پچھلے سال ہلاک وزخمی ہونے والے افراد کی اکثریت عام شہریوں کی تھی اور اس سال بھی اب تک ایسے واقعات میں درجنوں افغان شہری مارے جا چکے ہیں۔

گذشتہ اتوار کو صوبہ ارزگان کے قریب نیٹو افواج کے فضائی حملے میں 27افغان شہری ہلاک ہوگئے تھے جس پر افغانستان میں بین الاقوامی افواج کے امریکی کمانڈر جنرل سٹینلی میکرسٹل نے منگل کے روز افغان عوام سے معافی طلب کرتے ہوئے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ مستقبل میں ایسے واقعات کو روکنے کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں گے۔ یہ معافی انھوں نے پشتو اور دری زبان میں ترجمہ کی گئی ایک وڈیوپیغام میں مانگی ہے جو افغانستان میں ٹی وی چینلز نے نشر کیا۔

دریں اثناء ایک غیر جانبدار تنظیم کی ویب سائٹ پرجاری ہونے والے اعدادوشمار کے مطابق افغانستان میں اس سال اب تک 54 امریکی فوجی مارے جا چکے ہیں جس کے بعد افغانستان میں 2001ء کے اواخر میں دہشت گردی کے خلاف شروع ہونے والی جنگ میں ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کی تعداد ایک ہزار ہو گئی ہے۔

XS
SM
MD
LG