افغان عہدے داروں نے کہا ہے کہ ایک صوبائی گورنر سڑک کے کنارے بم کے ایک حملے میں بال بال بچ گئے، تاہم چار افغان فوجی ہلاک ہو گئے۔
عہدے داروں نے کہا ہے کہ وَردک صوبے کے گورنر حلیم فِدائى اُس وقت موٹر گاڑیوں کے ایک قافلے میں سفر کر رہے تھے، جب افغان دارالحکومت کابل کے جنوب مغرب میں سڑک پر بم کا دھماکا ہوا۔ حکام نے کہا ہے کہ انہوں نے طالبان کے ایک مقامی کمانڈر کو گرفتار کر لیا ہے ، جسے اُن موٹر گاڑیوں کے قریب ہی پایا گیا تھا۔
اسی دوران بین الاقوامی فوجوں نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز جنوبی افغانستان میں سڑک کے کنارے بم کے ایک حملے میں امریکی مسلح افواج کے دو ارکان ہلاک ہو گئے۔
اور نیٹو نے کہا ہے کہ ہفتے کے روز ہی جنوب مشرقی افغانستان کے صوبے خوست کے ضلعے تنئى میں ایک 16 برس کے افغان لڑکے کا پاؤں کسی گھریلو ساخت کے بم پر آگیا اور بم کے پھٹ جانے سے لڑکا ہلاک ہو گیا۔
بین الاقوامی فوجوں نے کہا ہے کہ باغیوں نے جنوب مشرقی صوبے پکتیا میں ایک ٹیکسی پر فائرنگ کر کے تین افغان عورتوں کو ہلاک اور کم سے کم دو اور عورتوں کو زخمی کر دیا۔انہوں نے کہا ہے کہ ٹیکسی ڈرائیور زخمی عورتوں کو نیٹو کے ایک اڈے پر لے گیا جہاں اُنہیں طبّی امداد فراہم کی گئى۔
مقبول ترین
1