رسائی کے لنکس

انتخابات سے قبل نیٹو کی طالبان کی خلاف کارروائی


نیٹو نے کہا ہے کہ اگلے ماہ ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سکیورٹی مہیا کرنے کے سلسلے میں کارروائی کرتے ہوئے،افغان اور بین الاقوامی فورسز نے اِس ہفتے 35سے زائد طالبان شدت پسندوں کو ہلاک اور متعدد کو پکڑ لیا ہے۔

اتحاد نے منگل کے روز کہا کہ ہفتے کو شروع ہونے والی اِس کارروائی کا مقصد صوبہٴ کابل کو اِن عناصر سے پاک کرنا اور باغیوں کا قلع قمع کرنا ہے۔ نیٹو نے بتایا ہے کہ اُس نے بم بنانے والا مواد، خودکش جیکٹ اور راکٹ سے داغے جانے والے گرنیڈ بازیاب کر لیے ہیں۔

افغانستان میں 18ستمبر کوپارلیمانی ووٹنگ ہوگی جِس سے قبل سکیورٹی کے معاملے کو بڑی تشویش کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے۔

گذشتہ ہفتے افغان عہدے داروں نے بتایا تھا کہ 900پولنگ مراکز اِس لیے نہیں کھل پائیں گے کیونکہ وہ ایسے علاقوں میں ہیں جنھیں بہت خطرناک گردانا جاتا ہے۔

منگل کے ہی روز نیٹو نے بتایا کہ جنوبی افغانستان میں باغیوں کے ایک حملے میں اُس کا ایک رُکن ہلاک ہوگیا ۔

اور ،اتحاد کا کہنا ہے کہ وہ اُس الزام کی تحقیقات کر رہا ہے جِس میں شمالی صوبہٴ بغلان میں اتوار کو نیٹو کی طرف سے مارے جانے والے ایک چھاپے کے دوران آٹھ افغان شہری ہلاک اور 12زخمی ہوگئے تھے۔

XS
SM
MD
LG