رسائی کے لنکس

عافیہ صدیقی کا معاملہ ابھی عدالت میں ہے: امریکی سفیر


ڈاکٹر عافیہ صدیقی
ڈاکٹر عافیہ صدیقی

پاکستان میں امریکی سفیر این پیٹرسن نے پیر کے روز اسلام آباد میں پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر سے وزارتِ خارجہ کے دفتر میں ملاقات کی۔ این پیٹرسن نے کہا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا مقدمہ ابھی عدالتوں میں ہے، لہٰذا اُن سے متعلق مسقبل کےبارے میں کچھ کہنا قبل از وقت ہوگا۔

یہ بات امریکی سفارت خانے کی طرف سے جاری کردہ ایک اخباری بیان میں کہی گئی ہے۔

اُنھوں نے وزارتِ خارجہ پر زور دیا کہ ایسے پاکستانی شہریوں کے کاغذاتِ سفر تیزی سے جاری کیے جائیں جو امریکہ سے ملک بدری کےمنتظر ہیں۔

اپنی ملاقات میں سفیر نے کہا کہ ڈاکٹر صدیقی کے خلاف ابھی کوئی فیصلہ نہیں دیا گیا، اور اُنھیں حق حاصل ہے کہ اپنے خلاف فیصلے پر اپیل دائر کریں۔ اِس حوالے سے ابھی تک امریکی قانونی چارہ جوئی کا عمل اپنی تکمیل کو نہیں پہنچا۔

سفیر نے یہ بھی کہا کہ پاکستانی شہریوں کو بیرونِ ملک سےاپنے وطن لانے کے سلسلے میں امریکہ پاکستان کی کوششوں کی حمایت کرتا ہے۔

اُنھوں نے اِس بات کی نشاندہی کی کہ کیونکہ حکومتِ پاکستان نے سفری کاغذات ، مثلاً پاسپورٹ، جاری نہیں کیے، اِس لیے امریکہ میں لگ بھگ 300پاکستانی وطن واپس نہیں آپارہے ہیں۔

اِن میں سے متعدد افراد کو امریکہ میں غیر قانونی طور پررہنے پرقانونی چارہ جوئی اور ملک بدری کے احکامات کا سامنا ہے، لیکن وہ باضابطہ دستاویز کی عدم دستیابی کے باعث اپنے ملک واپس نہیں آسکتے۔

سفیر پیٹرسن نے وزارت کو اپیل کی کہ اِن پاکستانی شہریوں کو اپنے وطن لوٹنے اور اپنے خاندانوں سے دوبارہ ملنے کی اجازت دی جائے۔

XS
SM
MD
LG