رسائی کے لنکس

logo-print

’بیوی کے ساتھ نہیں ناچوں گا،‘ آفریدی کا ٹی وی شو کرنے سے انکار


جیسے ہی شاہد آفریدی کو یہ پتا چلا کہ شو کے فارمیٹ کے مطابق، انہیں اپنی بیگم کے ساتھ جوڑی بنا کر اپنی ڈانسنگ مہارت کے جوہر دکھانا ہوں گے ۔۔ تو۔۔ انہوں نے فوراً معذرت کرلی

کرکٹ کے میدانوں میں اپنی دھواں دار بیٹنگ سے بولرز اور فیلڈرز کو تگنی کا ناچ نچانے والے شاہد آفریدی ڈانس کے ذریعے ٹی وی کی دنیا میں اپنا مخصوص ’بوم بوم‘ رنگ جماتے جماتے رہ گئے۔

ٹی وی رئیلٹی شو’نچ بلیئے‘ کے سیزن 7 کے لئے جب شاہد آفریدی سے رابطہ کیا گیا، تو انہوں نے شو میں پرفارم کرنے کی حامی بھرلی۔ تمام معاملات بھی طے پا گئے۔ لیکن۔۔۔

جیسے ہی شاہد آفریدی کو یہ پتا چلا کہ شو کے فارمیٹ کے مطابق، انہیں اپنی بیگم کے ساتھ جوڑی بنا کر اپنی ڈانسنگ مہارت کے جوہر دکھانا ہوں گے ۔۔تو۔۔انہوں نے فوراً معذرت کرلی۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ وہ اکیلے تو ڈانس کرسکتے ہیں۔ لیکن، پوری دنیا کے سامنے اپنی بیگم کے ساتھ ڈانس نہیں کر سکتے۔

بھارتی اخباروں ’ٹائمز آف انڈیا‘ اور ’ممبئی مرر‘ کا کہنا ہے کہ شاہد آفریدی کی بیگم کو کسی نے نہیں دیکھا، کیونکہ وہ پردہ کرتی ہیں، جبکہ شاہد آفریدی نے پاکستان یا بھارت میں اب تک کسی بھی ٹی وی شو میں شرکت نہیں کی۔

’بوم بوم‘ آفریدی کے انکار کے بعد، شو کے منتظمین نے دوسرے کرکٹرز سے رابطے شروع کردئیے ہیں۔

’نچ بلیئے 7‘ اپریل سے بھارتی ٹی وی چینل ’اسٹارپلس‘ سے آن ائیر ہوگا۔شو میں سیلیبرٹی کپلز کو جیت کے لئے ایک دوسرے سے مقابلہ کرنا ہوتا ہے۔

اس سے قبل، پاکستانی کرکٹر شعیب ملک اپنی بیگم اور بھارتی ٹینس اسٹار ثانیہ مرزا کے ساتھ ’نچ بلیئے‘ میں شرکت کر چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG