پاکستانی ٹیم کے کپتان شاہد آفرید ی نے سری لنکا میں کھیلے جانے والے ایشیاکرکٹ کپ میں بنگلادیش کے خلاف کھیلتے ہوئے ایک روزہ میچوں میں مجموعی طور پر 272 چھکے لگاکر عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ سری لنکن بیٹسمین جے سوریا کے پاس تھا جنہوں نے مجموعی طورپر 270 چھکے لگائے ہیں۔
دمبولا میں کھیلے جانے والے میچ میں شاہد آفرید ی نے چار چھکے اور 17چوکے لگا کر اپنی سنچری بھی مکمل کر لی ہے۔ وہ 124رنز بنا کرشفیع السلام کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا اور مقررہ 50اووروں میں 385 رنز بنا کر اپنا سب سے زیادہ مجموعی سکور بنایا۔ 1996 میں سری لنکا کے خلاف قومی ٹیم نے 371 رنز بنائے تھے۔
شاہد آفریدی کے علاوہ عمران فرحت 66،شاہ زیب حسن 50اور عمر اکمل 50رنز بنا کر اس میچ کے قابل ذکر بلے باز رہے۔
بنگلا دیش کی طرف سے شفیع السلام نے تین،شکیب الحسن نے دو اور عبدالرزاق نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
بنگلا دیش کو میچ جیتنے کے لیے 386 رنز بنانے ہیں۔ پاکستان اور بنگلا دیش پہلے ہی سری لنکا اور بھارت سے میچ ہارنے کے بعد چار ملکی ایشیا کپ سے خارج ہوچکی ہیں۔