رسائی کے لنکس

یوایس ورجن آئی لینڈز کا180 سال سے جاری اخباربند ہو رہا ہے


یوایس ورجن آئی لینڈز کے ایک جزیرے کا خوبصورت منظر۔ فائل فوٹو
یوایس ورجن آئی لینڈز کے ایک جزیرے کا خوبصورت منظر۔ فائل فوٹو

یوایس ورجن آئی لینڈز کا ایک چھوٹا مگر تاریخی اخبار 180 سال تک باقاعدگی سے شائع ہونے کے بعد اب بند ہو رہا ہے۔

اس تاریخی اخبار کا نام سینٹ کروکس ایوس ہے۔ اس کا پہلا ایڈیشن 1844 میں شائع ہوا تھا۔

اخبار کا کہنا ہے کہ کاغذ پر جاری اس کی اشاعت اب سوشل میڈیا اور ڈیجیٹل میڈیا کے اس دور کا مقابلہ کرنے کی سکت نہیں رکھتی اور ہمارے پاس اپنی اشاعت بند کرنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہا۔

اخبار کی مالک اور پبلشر بروڈہرسٹ نے اخبار کی اتوار کی اشاعت میں کہا ہے کہ اس اخبار کی اشاعت ایک مشن کے طور پر شروع ہوئی تھی لیکن اب ہم اس مشن کو آگے بڑھانے سے قاصر ہیں۔ کمپنی جلد ہی اپنی اشاعت بند کر دے گی۔ تاہم انہوں نے اخبار بند کرنے کی تاریخ نہیں بتائی۔

اس اخبار کا مشن غلاموں کو پڑھنے لکھنے کی جانب مائل کرنا اور ان کے شعور و آگہی میں اضافہ کرنا تھا۔

ورجن آئی لینڈز چھ بڑے اور تقریباً پچاس چھوٹے جزائر پر مشتمل علاقہ ہے جو کریبین کی سمندری حدود میں واقع ہیں۔

اخبار سینٹ کروکس ایوس ، ورجن آئی لینڈز کے جزیرے سینٹ کروکس سے شائع ہوتا ہے جس کی آبادی 41 ہزار نفوس پر مشتمل ہے ۔ان کی ایک بڑی تعداد ان سیاہ فاموں کی ہے جن کے آباؤ اجداد نسل در نسل غلام رہے تھے۔

تاریخی طور پر ان جزائر میں قدیم سیاہ فام امریکی باشندے آباد تھے جنہیں انڈین کہا جاتا ہے۔ براعظم امریکہ کی دریافت کے بعد یہاں یورپی اقوام کی آمد ورفت شروع ہوئی اور اکثر علاقے مختلف یورپی ملکوں کی کالونیاں بن گئے۔ ورجن آئی لینڈز پر ڈنمارک قابض ہو گیا اور یہاں کی سیاہ فام آبادی غلام بنا لی گئی۔

سینٹ کروکس ایوس اخبار کا پہلا شمارہ جب 1844 میں شائع ہوا تو اس وقت ورجن آئی لینڈز ڈنمارک کی نو آبادی تھا۔ ڈنمارک نے 1848 میں غلامی کو ختم کر دیا تھا۔

اخبار کے ابتدائی برسوں کے شمارے ڈنمارک کی زبان ڈینش میں شائع ہوتے تھے۔

سن 1917 میں امریکہ نے ڈنمارک سے ورجن آئی لینڈز خرید لیے ، جس کے بعد سینٹ کروکس ایوس ڈینش کی بجائے انگریزی میں شائع ہونے لگا۔

بروڈہرسٹ نے اخبار میں شائع ہونے والے اپنے کھلے خط میں سینٹ کروکس ایوس کی حمایت کرنے پر کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ انہیں اخبار بند کرنے کا بہت دکھ ہے لیکن انہیں یہ خوشی بھی ہے کہ کمیونٹی نے اس اخبار کے ساتھ پڑھنا، لکھنا اور مل کر آگے بڑھنا سیکھا اور 180 برسوں کے دوران ایک یادگار سفر طے کیا۔

(اس رپورٹ کی کچھ معلومات ایسوسی ایٹڈ پریس سے لی گئیں ہیں)

فورم

XS
SM
MD
LG