رسائی کے لنکس

روسی شاپنگ مال میں مہلک آتشزدگی پر گورنر مستعفی


واقعے میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے
واقعے میں 60 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے

روس کے علاقے کیمیروو میں گزشتہ ہفتے ایک شاپنگ مال میں آتشزدگی سے ہونے والی ہلاکتوں پر یہاں کے گورنر نے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

آتشزدگی کے باعث 60 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے اور تحقیقات سے پتا چلا تھا کہ حفاظتی انتظامات سے متعلق بے ضابطگیوں کے باعث بہت سے افراد بشمول بچے آتشزدگی کے وقت ہنگامی طور پر عمارت سے باہر نکلنے میں ناکام رہے تھے۔

اتوار کو علاقائی انتظامیہ کی ویب سائٹ پر جاری ایک وڈیو میں گورنر امان تولییف نے مستعفی ہونے کا اعلان کیا۔ کریملن کے مطابق صدر ولادیمر پوتن نے ان کا استعفیٰ منظور کر لیا ہے۔

73 سالہ تولییف کا کہنا تھا کہ " اتنے بھاری بوجھ کے ساتھ ان کے لیے بطور گورنر کام کرنا ممکن نہیں ہے، یہ اخلاقی طور پر ناممکن ہے۔"

گزشتہ اتوار پیش آنے والا یہ واقعہ سوویت یونین کے ٹوٹنے کے بعد ہونے والا مہلک ترین آتشزدگی کا واقعہ تھا۔

تفتیش کاروں نے بتایا تھا کہ آتشزدگی کی صورت میں عمارت سے نکلنے کے ہنگامی راستوں کو غیر قانونی طور پر بند کر دیا گیا تھا، عوام کو مطلع کرنے والا سسٹم بھی بند تھا جب کہ الارم سسٹم بھی ناکارہ تھا۔ سینما میں موجود بچوں کو بھی وہیں بند کر دیا گیا تھا۔

صدر پوتن نے اس واقعے کو مجرمانہ غفلت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کے ذمہ داروں کو سزا دی جائے گی۔

جمعہ کو ہی پولیس نے اس شاپنگ مال کی مالک کمپنی کے ایک عہدیدار کو گرفتار کیا تھا۔

XS
SM
MD
LG