رسائی کے لنکس

نئی بھارتی فلموں کی نمائش جلد متوقع


پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں انتہائی اضافے کے بعد پاکستانی سنیما مالکان نے از خود بھارتی فلموں کی نمائش روک دی تھی۔

بھارتی فلموں کی نمائش پر پاکستانی سنیما مالکان کی طرف سے عائد کی جانے والی پابندی اٹھائے جانے کے بعد جلد ملک کے سنیما گھروں میں نئی بھارتی فلموں کی باقاعدہ نمائش دوبارہ شروع ہو جائے گی۔

پاکستان میں سنیما مالکان کی ایک نمائندہ تنظیم کے سربراہ زوریز لاشاری نے کہا کہ حکومت نے بھارتی فلموں کو ’این او سی‘ جاری کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے جو جلد ان فلموں کو پاکستان میں نمائش کے لیے اجازت نامے جاری کرنے شروع کر دی گی۔

گزشتہ سال ستمبر میں بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں ایک فوجی کیمپ پر ہونے والے مبینہ عسکریت پسندوں کے حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی میں انتہائی اضافے کے بعد پاکستانی سنیمامالکان نے از خود بھارتی فلموں کی نمائش روک دی تھی۔

بھارتی فلموں کی نمائش پر سرکاری طور پر کوئی پابندی عائد نہیں کی گئی تھی اور پاکستانی سنیما مالکان اور فلم کے تقسیم کاروں نے بھی گزشتہ ماہ یہ پابندی ختم کرنے کا فیصلہ کیا۔

پاکستان کی وفاقی وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا کہ "ہم نے حکومت پاکستان کے طور پر غیر مناسب اور انتہائی سوچ کے ساتھ کسی بھی ایسے شعبے کو ریگولیٹ کرنے کی کوشش نہیں کی جو کسی بھی صنعتی اور ثقافتی تنوع، فنکار برداری کے حوالے سے ایک مثبت کردار ادا کرتے ہیں۔۔ یہ پابندی سنیما مالکان نے پاکستان کے قومی مفاد میں رضا کارانہ طور پر عائد کی تھی۔"

زوریز لاشاری نے کہا کہ اب صورت حال میں بہتر ہو رہی ہے اور ان کے بقول دونوں ملکوں کے ثقافتی رابطوں میں مثبت تبدیلی دیکھنے میں آ رہی ہے۔

"پاکستان کو بھی بھارتی (بنائی گئی فلموں) ضرورت ہے، پاکستانی فلمیں بھی چاہییں، انگریزی فلمیں بھی چاہیں ۔۔۔ سنیما اس سے چلتے ہیں۔۔۔ حکومت بھی یہ سمجھتی ہے، سنیما مالکان بھی یہ سمجھتے ہیں، یہ اچھا ہے اور اب پاکستانی فنکار بھی بھارت فلمی صنعت میں جا کر کام کر رہے ہیں۔"

زوریز لاشاری نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان عوامی اور ثقافتی رابطے بہتر تعلقات کے لیے نہایت ضروری ہیں۔

XS
SM
MD
LG