رسائی کے لنکس

اجمل عامر قصاب کی تعریف کرنے پر اعلیٰ پولیس افسر کا تبادلہ


اجمل عامر قصاب
اجمل عامر قصاب


ممبئی حملوں کے دوران زندہ گرفتار عسکریت پسند اجمل عامر قصاب کی تعریف کر نے پر مدھیہ پردیش حکومت نے سپیشل آرمڈ فورس (ایس اے ایف) کے انسپیکٹر جنرل راجندر کمار کا تبادلہ کر کے پولیس ہیڈ کوارٹرز بھیج دیا گیا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ منگل کے روز راجندر کمار نے بھوپال میں سپیشل آرمڈ فورس کے تربیتی کیمپ میں تربیت کے دوران جذبے کی اہمیت اور ضرورت کے سلسلے میں اپنا نقطہٴ نظر سمجھاتے ہوئے اجمل عامر قصاب کی مثال دی تھی اور مبینہ طور پر اُس کے جذبے کی ستائش کی تھی۔

خبروں کے مطابق راجندر کمار نے اپنی بات میں وزن پیدا کر نے کے لیے کہا تھا کہ اگر آپ نے اچھی تربیت لی ہے تو آپ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔

اُنھوں نے اجمل قصاب کا نام لے کر اُس کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اُس نے صرف آٹھویں درجے تک تعلیم حاصل کی ہے اور صرف ایک سال کی تربیت لی ہے جِس کی مدد سے وہ ہتھیار چلا سکتا ہے اور جی پی ایس آلات استعمال کر سکتا ہے۔

راجندر کمار نے مزید کہا کہ اجمل قصاب کے اندر، بقول اُن کے، ایک جذبہ ہے اور اُس نے اچھی ٹریننگ حاصل کی ہے۔

مدھیہ پردیش کی حکومت نے اُن کی اِس مثال کا سخت نوٹس لیا اور اُن کا تبادلہ کردیا۔ اِس کارروائی پر راجندر کمار نے کہا کہ اُنھوں نے اجمل قصاب کی مثال صرف اِس لیے دی تھی کہ شوٹنگ رینج میں موجود جوانوں کے اندر جذبہ اور حوصلہ پیدا کریں تاکہ وہ دہشت گردوں کو منھ توڑ جواب دے سکیں۔

ممبئی حملوں کے دوران سی ایس ٹی سٹیشن سے اجمل قصاب کو گرفتار کیا گیا تھا، تاہم بعد میں اُس نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اُسے حملے سے چند روز قبل ہی پکڑ لیا گیا تھا۔

  • 16x9 Image

    سہیل انجم

    سہیل انجم نئی دہلی کے ایک سینئر صحافی ہیں۔ وہ 1985 سے میڈیا میں ہیں۔ 2002 سے وائس آف امریکہ سے وابستہ ہیں۔ میڈیا، صحافت اور ادب کے موضوع پر ان کی تقریباً دو درجن کتابیں شائع ہو چکی ہیں۔ جن میں سے کئی کتابوں کو ایوارڈز ملے ہیں۔ جب کہ ان کی صحافتی خدمات کے اعتراف میں بھارت کی کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ متعدد قومی و بین الاقوامی اداروں نے بھی انھیں ایوارڈز دیے ہیں۔ وہ بھارت کے صحافیوں کے سب سے بڑے ادارے پریس کلب آف انڈیا کے رکن ہیں۔  

XS
SM
MD
LG