رسائی کے لنکس

افغانستان: امریکہ کی فضائی کارروائی میں القاعدہ کا اہم کمانڈر ہلاک


بتایا گیا کہ خلیل السوڈانی القاعدہ کی شوریٰ کا سینیئر رکن اور اس تنظیم کے خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کے شعبے کا سربراہ تھا۔

امریکہ کی وزارت دفاع کے مطابق افغانستان میں ایک فضائی کارروائی میں القاعدہ کا ایک سینیئر کمانڈر ہلاک ہو گیا ہے۔

پینٹاگان کی طرف سے جمعہ کو ایک بیان میں ہلاک ہونے والے القاعدہ کے کمانڈر کا نام خلیل السوڈانی بتایا گیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ القاعدہ کا یہ کمانڈر افغانستان کے صوبہ پکتیکا کے ضلع برمل میں 11 جولائی کو ایک فضائی کارروائی میں ہلاک ہوا۔

بتایا گیا کہ خلیل السوڈانی القاعدہ کی شوریٰ کا سینیئر رکن اور اس تنظیم کے خودکش حملوں کی منصوبہ بندی کے شعبے کا سربراہ تھا۔

بیان میں کہا گیا کہ دو دیگر ’’دہشت گرد‘‘ بھی فضائی کارروائی میں ہلاک ہوئے، تاہم اُن کے نام نہیں بتائے گئے۔

خلیل السوڈانی کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ وہ امریکی، افغان اور پاکستانی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث تھا۔ بیان میں کہا گیا کہ اس شدت پسند کمانڈر کی ہلاکت سے القاعدہ کا کمانڈ اینڈ کنٹرول کا ڈھانچہ مزید کمزور ہو گا۔

افغانستان سے گزشتہ سال کے اواخر تک بیشتر لڑاکا فوجیں واپس چلی گئی تھیں اور اب ایک معاہدے کے تحت بین الاقوامی افواج کے لگ بھگ 12000 اہلکار وہاں تعینات ہیں جن میں اکثریت امریکی فوجیوں کی ہے۔

اگرچہ افغانستان میں موجود بیشتر غیر ملکی فوجی مقامی فورسز کی تربیت میں مصروف ہیں البتہ محدود پیمانے پر دہشت گردوں سے نمٹنے کی کارروائیاں کی جاتی ہیں۔

حالیہ ہفتوں میں یہ بھی اطلاعات سامنے آئیں کہ امریکی فضائی کارروائیوں میں افغانستان میں ’داعش‘ کے بعض کمانڈر بھی مارے جا چکے ہیں۔

XS
SM
MD
LG