رسائی کے لنکس

الشباب نے مبینہ جاسوسی پر دو بھائیوں کے سر قلم کر دیے


فائل فوٹو
فائل فوٹو

قتل کیے گئے ایک نوجوان نے حال ہی میں ہائی اسکول سے تعلیم مکمل کی تھی جب کہ دوسرا ان دنوں بے روزگار تھا۔

عسکریت پسند گروپ الشباب نے صومالیہ کی حکومت کے لیے جاسوسی اور ایتھوپیا کے فوجیوں سے ساز باز کرنے کے الزام میں دو بھائیوں کے سر قلم کر دیے ہیں۔

ہلاک شدگان کے رشتے داروں کی طرف سے فراہم کردہ تفصیلات کے مطابق ان بھائیوں کی عمریں 20 اور 25 سال تھیں اور انھیں وسطی صومالی علاقے حران میں قتل کیا گیا۔

ان دونوں کو گزشتہ ہفتے الشباب کے شدت پسندوں نے باقاقابل نامی علاقے سے اس وقت اغوا کیا جب چند گھنٹے قبل ہی ایتھوپیا اور صومالیہ کے فوجی اچانک اس علاقے سے منتقل ہوئے تھے۔

دیہاتیوں نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ دس اگست کو فوجیوں نے اس علاقے کا قبضہ الشباب سے وا گزار کروایا تھا اور اس وقت یہ دونوں بھائی یہاں موجود تھے۔

قتل کیے گئے ایک نوجوان نے حال ہی میں ہائی اسکول سے تعلیم مکمل کی تھی جب کہ دوسرا ان دنوں بے روزگار تھا۔

گزشتہ ہفتہ ہی صومالیہ عہدیداروں نے بتایا تھا کہ الشباب کے عسکریت پسندوں نے جنوبی حصے میں دو علاقوں پر قبضہ کر لیا اور افریقی یونین فورسز کو یہاں سے بے دخل ہونا پڑا۔

اسی دوران شدت پسندوں نے افریقی یونین فورسز کے ایک قافلے پر حملہ کر کے متعدد فوجیوں کی ہلاکت کا دعویٰ کیا تھا لیکن اس کی آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہو سکی۔

XS
SM
MD
LG