رسائی کے لنکس

امریکہ کی خطرناک ترین ریاستیں کون سی ہیں؟


فائل فوٹو
فائل فوٹو

رپورٹ کے مطابق امریکہ بھر میں زنا بالجبر اور دیگر سنگین نوعیت کے حملوں کے سب سے زیادہ واقعات الاسکا میں پیش آتے ہیں۔

جرائم کی شرح کے اعتبار سے امریکہ ترقی یافتہ ملکوں میں سرِ فہرست ہے جہاں ہر سال ہزاروں سنگین جرائم پیش آتے ہیں۔

لیکن امریکہ کی تمام ریاستیں یکساں خطرناک نہیں بلکہ بعض ریاستوں میں جرائم کی شرح بہت کم جب کہ بعض میں بہت زیادہ ہے۔

ایک حالیہ جائزے کے مطابق سنگین جرائم کی شرح کے اعتبار سے امریکہ کی خطرناک ترین ریاست الاسکا ہے جو رقبے کے اعتبار سے سب سے بڑی لیکن فی کلومیٹر آبادی کے اعتبار سے سب سے چھوٹی ریاست ہے۔

جرائم کے اعتبار سے امریکی ریاستوں کی یہ درجہ بندی ایک کاروباری ویب سائٹ '7/24 وال اسٹریٹ' نے جاری کی ہے جو ایف بی آئی، محکمۂ انصاف اور دفتر برائے شماریات کے فراہم کردہ اعداد و شمار پر مبنی ہے۔

رپورٹ کے مطابق امریکہ بھر میں زنا بالجبر اور دیگر سنگین نوعیت کے حملوں کے سب سے زیادہ واقعات الاسکا میں پیش آتے ہیں۔

سال 2017 کے دوران الاسکا کے ہر ایک لاکھ رہائشیوں میں سے 117 کو زنا بالجبر جب کہ 575 کو جان لیوا حملوں کا سامنا کرنا پڑا۔

ان دونوں نوعیت کے جرائم کی یہ شرح پورے امریکہ میں پیش آنے والے ایسے واقعات کی اوسط تعداد کی دگنی سے بھی زیادہ ہے۔

الاسکا میں 2017ء میں ہونے والے قتل کے واقعات میں بھی ایک سال قبل کے مقابلے میں 20 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

الاسکا ہوائی کے علاوہ امریکہ کی وہ واحد ریاست ہے جو زمینی طور پر امریکی سرزمین سے منسلک نہیں۔ اس کا رقبہ امریکہ کے کل رقبے کا 17 فی صد سے بھی زائد ہے لیکن اس کی آبادی صرف سات لاکھ نفوس پر مشتمل ہے۔

سروے کے مطابق امریکہ کی دوسری خطرناک ترین ریاست نیو میکسیکو ہے جہاں 2017ء کے دوران ہر ایک لاکھ میں سے 784 افراد کو قتل، زنا بالجبر، ڈکیتی اور دیگر سنگین نوعیت کے حملوں جیسے خطرناک جرائم کا سامنا کرنا پڑا۔

سنگین جرائم کی شرح کے اعتبار سے جنوبی ریاست ٹینے سی تیسرے نمبرپر ہے۔ لیکن اعداد و شمار کے اعتبار سے ریاست میں رپورٹ ہونے والے بیشتر سنگین جرائم شہری علاقوں میں پیش آتے ہیں اور ریاست کے دیہی علاقے نسبتاً محفوظ ہیں۔

سنگین جرائم کے اعتبار سے دیگر سرِ فہرست ریاستوں میں لوزیانا چوتھے اور نیواڈا پانچویں نمبر پر ہے۔

سروے کے مطابق 2017ء میں امریکہ بھر میں سنگین جرائم کی وارداتوں میں مجموعی سطح پر کمی دیکھی گئی لیکن خطرناک ریاستوں کی فہرست میں شامل بیشتر ریاستوں میں ان جرائم کی تعداد بڑھی۔

دوسری جانب رپورٹ کے مطابق امریکہ کی سب سے محفوظ ریاست مین ہے جہاں 2017ء کے دوران ہر ایک لاکھ رہائشیوں میں سے صرف 121 کو خطرناک نوعیت کے جرائم کا سامنا کرنا پڑا۔

دیگر محفوظ ریاستوں میں ورمونٹ، نیو ہیمپشر، ورجینیا اور کینٹکی شامل ہیں۔

XS
SM
MD
LG