رسائی کے لنکس

امریکہ میں قتل کے واقعات کی شرح میں اضافہ: رپورٹ


جولائی 2015 میں بالٹی مور شہر میں اس مقام پر پھول رکھے ہوئے ہیں جہاں ایک شخص کو گولی مار دی گئی ۔ (فائل فوٹو)
جولائی 2015 میں بالٹی مور شہر میں اس مقام پر پھول رکھے ہوئے ہیں جہاں ایک شخص کو گولی مار دی گئی ۔ (فائل فوٹو)

امریکہ کے کئی شہروں میں قتل کے واقعات میں ہونے والے اضافے کے باوجود امریکہ میں جرائم کی مجموعی شرح 1991ء کے مقابلے میں 49 فیصد کم ہے

امریکہ میں گزشتہ دو سالوں کے دوران قتل کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے اور منگل کو جاری ہونے والے ایک مطالعاتی جائزے کے مطابق اس کی وجہ چند بڑے شہروں میں رونما ہونے والے تشدد کے واقعات ہیں۔

نیویارک یونیورسٹی اسکول آف لا کے ساتھ وابستہ برینن سینٹر فار جسٹس کی رپورٹ کے مطابق 2015ء میں ملک میں ہونے والے قتل کے واقعات میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جب کہ 2016ء میں یہ اضافہ اندازاً 7.8 فیصد تھا۔

اس مطالعاتی جائزے میں قتل کے واقعات میں سے نصف بالٹی مور، شکاگو اور ہیوسٹن کے شہروں میں ریکارڈ کیے گئے۔

2014-2016ء کے دوران ملک بھر میں قتل کے واقعات میں ہونے والے اضافے کا 29 فیصد صرف شکاگو شہر میں ہوا، جب کہ بالٹی مور اور ہیوسٹن کے ہر ایک شہر میں ملک بھر کے اضافے کا یہ 10 فیصد تھا۔

اس رپورٹ کے مصنفین کا کہنا ہے کہ حالیہ اضافے کے باوجود امریکہ میں قتل کے واقعات میں اضافے کی شرح 25 سالوں میں کم ترین سطح پر ہے۔"

" آج کل غریب آبادی والے شہری علاقے ماضی کی نسبت زیادہ محفوظ ہیں۔"

رپورٹ کے مطابق " 2016ء میں شکاگو میں قتل کے واقعات میں اضافہ ملک بھر کے اضافے کا تقریباً نصف (43.7 فیصد) تھا۔ اس سے بعض شہروں میں مقامی مسائل کی عکاسی ہوتی ہے لیکن یہ قومی سطح پر ہونے والے جرائم کے شواہد نہیں ہیں۔"

امریکہ کے کئی شہروں میں قتل کے واقعات میں ہونے والے اضافے کے باوجود امریکہ میں جرائم کی مجموعی شرح 1991ء کے مقابلے میں 49 فیصد کم ہے اور اسی عرصے میں ملک کے 30 بڑے شہروں میں پرتشدد جرائم کی شرح میں 63 فیصد کمی واقع ہوئی ہے۔

رپورٹ کے مصنفین نے اس بات کا ذکر کیا کہ "شہری علاقوں میں جرائم میں اضافہ نہایت تشویش کی بات ہے۔"

XS
SM
MD
LG