رسائی کے لنکس

علی حیدر کا اپنے پرستاروں کے لئے’ویلنٹائن ڈے گفٹ‘


اس البم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سے شروع ہونے والے ’ورلڈ کپ کرکٹ 2015ء‘ کا ترانہ بھی اس البم میں شامل ہے

اس ویلنٹائن ڈے پر علی حیدر اپنی آواز کے شیدائیوں کو دے رہے ہیں ایک نیا تحفہ۔ اپنی نئی البم کی شکل میں۔۔البم کا نام ہے ۔۔’کوئی ایسی بات‘۔

دراصل ’کوئی ایسی بات‘ البم کا ٹائیٹل سانگ بھی ہے اور علی حیدر نے اپنے فینز کے لئے اسے اپنے آفیشل فیس بک پیج پر بھی پوسٹ کردیا ہے۔

اس البم کی ایک اور خاص بات یہ ہے کہ ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب سے شروع ہونے والے ’ورلڈ کپ کرکٹ 2015ء‘ کا ترانہ بھی اس البم میں شامل ہے۔ یہ گانا ورلڈ کپ کی مناسبت کو ذہن میں رکھ ہی کر تیار کیا گیا ہے۔

وائس آف امریکہ سے بات چیت میں علی حیدر نے بتایا کہ ’یہ گانا میں نے اپنی قومی ٹیم کے نام ڈیڈیکیٹ کیا ہے۔ میری دعائیں ہیں کہ ناصرف ٹیم بھارت کے خلاف پہلے میچ میں فتح یاب ہو، بلکہ ورلڈ کپ ٹرافی ہی وطن لانے میں کامیاب ہوجائے۔‘

علی حیدر نے ’کوئی ایسی بات‘ سے متعلق بتایا کہ ’البم میں دس ٹریک شامل ہیں، پوری البم میں شامل گانوں میں سے نوے فیصد کی شاعری میری اپنی ہے۔‘

علی حیدر نئی البم کے حوالے سے بہت زیادہ ایکسائٹیڈ ہیں۔ ان کا کہنا ہے ’سات سال کے طویل وقفے کے بعد میری کوئی البم ریلیز ہورہی ہے۔اس لئے اس بات کی زیادہ خوشی ہے۔‘

علی حیدر پاکستانی میوزک انڈسٹری کا نیا نام نہیں ہے، بلکہ انہوں نے 90 کی دہائی میں بھی کئی ہٹ سانگز اپنے سننے والوں کو دیئے مثلاً ’پرانی جینز اور گیٹار‘، ’چاند سا مکھڑا‘، ’ظالم نظروں سے‘، ’چاندنی راتیں‘ اور ’تیرا نام لیا‘۔

درمیان میں انہوں نے صوفیانہ کلام بھی گایا۔ ان کی آخری صوفی البم بھارت میں ریلیز ہوئی تھی جس میں بلھے شاہ، حبیب جالب اور جوش ملیح آبادی کا کلام شامل تھا۔

علی کا کہنا ہے کہ ان کا رومینٹک البم لانے کا مقصد یکسانیت کا شکار پاکستانی میوزک انڈسٹری میں نیا جوش پیدا کرنا ہے۔

XS
SM
MD
LG