رسائی کے لنکس

فروغ تعلیم کے لئے سجی ایک محفل جس میں جگمگائے فلمی ستارے


دبئی میں گلوبل ایجوکیشن اینڈ اسکلزفورم 2016 کی تقریب میں ہالی وڈ کے چوٹی کے اسٹارز میتھیو میک کونگی، سلمی ہائیک، بالی وڈ کے ابھیشیک بچن، اکشے کمار، پرینیتی چوپڑہ اور پاکستانی راک اسٹار اور اداکار علی ظفر نے شریک ہوئے

یوں تو فلمی ستارے مختلف تقریبات میں جگمگاتے نظر آتے ہیں لیکن دبئی میں سجی ایک ایسی شام جس میں ہالی وڈ،بالی وڈ اور پاکستانی اسٹارز جمع ہوئے لیکن ایک خاص مقصد کے تحت ۔۔ اور وہ مقصد ہے فروغ تعلیم ۔

پبلسٹی فرم ’انسائیکلو میڈیا‘ کی عمارہ حکمت نے وائس آف امریکہ کو بتایا کہ دبئی میں گلوبل ایجوکیشن اینڈ اسکلزفورم 2016 کی پروقار تقریب میں ہالی وڈ کے چوٹی کے اسٹارز میتھیو میک کونگی، سلمی ہائیک، بالی وڈ کے ابھیشیک بچن، اکشے کمار، پرینیتی چوپڑہ اورپاکستانی راک اسٹار اور اداکارعلی ظفر نے شریک ہوکر نہ صرف تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کیا بلکہ محفل کی رونقیں بھی دوبالا کردیں۔

علی ظفر کی انرجی سے بھرپور پرفارمنس پرکوئی شخص ایسا نہ تھا جو علی کے ساتھ ساتھ گا اورناچ نہ رہا ہو۔ علی نے اپنا ہٹ نمبر ’مدھوبالا‘ اورفلم ’ڈان‘ کا گانا ’کھائی کے پان بنارس والا۔۔‘ گایا تو میتھیو میک کونگی، ان کی بیوی کمیلا ایلوس نے بھی اسٹیج پرعلی کو جوائن کرلیا۔

پھربھلا اکشے کمار، ابھیشیک اورپرینیتی چوپڑہ کیسے پیچھے رہ سکتے تھے۔ تمام ستاروں نے ملکر وہ رنگ جمایا جسے دیکھنے والے مدتوں یاد رکھیں گے۔

مستی سے سجی پرفارمنسز کے بعد سیلفیز کا دورچلا جسے اسٹارز نے اپنے مداحوں کے لئے سوشل میڈیا پربھی شیئرکیا۔ علی ظفر نے تقریب کے مقصد یعنی تعلیم خصوصا ً لڑکیوں کی تعلیم کی مہم ’گرل رائزنگ میتھیو میک کونگی‘ سے گفتگو کی۔

تعلیم کو عام کرنے کے مشن کو نہ صرف فلمی ستاروں کی حمایت حاصل تھی بلکہ پوپ فرانسس ،سابق برطانوی وزیراعظم ٹونی بلئیر، برطانوی شہزادہ ولیم نے ویڈیو پیغامات کے ذریعے تعلیم کے فروغ کے لئے بھرپور اقدامات کرنے پر زوردیا اوراس سلسلے میں ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔

XS
SM
MD
LG