رسائی کے لنکس

سوپر بال: بڑے گیم کے لیے میدان سج گیا


 NFL کے کمشنر راجر گوڈیل ونس لومبارڈی ٹرافی کے ساتھ۔ فائل فوٹو
NFL کے کمشنر راجر گوڈیل ونس لومبارڈی ٹرافی کے ساتھ۔ فائل فوٹو

یہ موقع ہے امریکہ میں مقبول ترین کھیلوں کے مقابلے سوپر بال کا جس میں شائقین کی دلچسپی لاہور یا کراچی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے کسی ورلڈ کپ فائنل سے کسی طرح کم نہیں۔

امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر منی ایپلس میں میدان سج گیا ہے اور شہر میں ہر طرف رنگا رنگ بینر لگا دیے گئے ہیں۔ منی ایپلس میں گہماگہمی عروج پر پہنچ چکی ہے۔

یہ موقع ہے امریکہ میں مقبول ترین کھیلوں کے مقابلے سوپر بال کا جس میں شائقین کی دلچسپی لاہور یا کراچی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے کسی ورلڈ کپ فائنل سے کسی طرح کم نہیں۔

4 فروری کو اس شہر میں ہونے والے اس انتہائی اہم مقابلے کو دیکھنے اور شہر کی گہما گہمی سے لطف اندوز ہونے کیلئے دس لاکھ سے زائد افراد کی آمد کیلئے انتظامات کو آخری شکل دی جا رہی ہے۔ شہر میں موجود تمام ہوٹل مکمل طور پر بک ہو چکے ہیں۔ انتظامی کمیٹی کو توقع ہے کہ امریکہ کے دوسرے شہروں سے آنے والے ان شائقین کی وجہ سے شہر کو 34 کروڑ ڈالر کی آمدنی حاصل ہو گی۔

مال آف امریکہ کے دو ٹاور جنہیں سکائی وے سے جوڑا گیا ہے۔ فائل فوٹو
مال آف امریکہ کے دو ٹاور جنہیں سکائی وے سے جوڑا گیا ہے۔ فائل فوٹو

مینی ایپولیس کے سب سے بڑے مال ’مال آف امریکہ‘ کے ڈین جیسپر کہتے ہیں کہ مال کے گراؤنڈ فلور پر دیو ہیکل سکرین آویزاں کر دی گئی ہے جس پر وہاں آنے والے لوگ سوپر بال مقابلہ براہ راست دیکھ سکیں گے۔ اس اسکرین کے اوپر بڑے سائز کے فٹ بال ہیلمٹ آویزاں کئے گئے ہیں جو NFL میں شامل تمام کی تمام 32 ٹیموں کی نمائیندگی کرتے ہیں۔ NFL کا سرکاری اسٹور بھی اسی مال میں ہیں جہاں سوپر بال 52 کی وردیاں، ہیلمٹ اور دوسرے سوینئرز کی فروخت شروع ہو چکی ہے۔

مال کی تیسری منزل پر موجود کھانوں کی دکانوں کے حصے کو فین گیلری کے نام سے ایک ریڈیو شو کی شکل دے دی گئی ہے۔ شائقین یہاں مختلف ریڈیو بوتھ سے گزرتے ہوئے ممکنہ طور پر جو ناماتھ، ڈریو بریس اور جو مانٹینا جیسے سوپر اسٹارز سے مل سکتے ہیں۔

اس موقع پر شہر کے مختلف مقامات پر تقریبات، موسیقی کے کنسرٹ اور پارٹیوں کیلئے 100 سے زائد جگہوں کی بکنگ ہو چکی ہے۔ ان میں سے ایک مقام پر مشہور امریکی گلوکارہ اور اداکارہ کیلی کلارکسن اُن 8,000 شائقین کیلئے سوپر بال میچ سے کچھ دیر قبل اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی جن کے پاس یہ بڑا میچ دیکھنے کے ٹکٹ موجود ہوں۔

منی ایپلس کا اسٹیڈیم جہاں سوپر بال میچ کھیلا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو
منی ایپلس کا اسٹیڈیم جہاں سوپر بال میچ کھیلا جا رہا ہے۔ فائل فوٹو

اسٹیڈیم میں 65,000 شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی اور میچ کیلئے سب سے سستی ٹکٹ 3,400 ڈالر جبکہ سب سے مہنگی ٹکٹ 13,499 ڈالر مقرر کی گئی ہے۔ میچ کے قریب آتے آتے ٹکٹوں کی قیمت میں مزید اضافے کی توقع ہے۔ گزشتہ سال کے سوپر بال کیلئے ٹکٹوں کی قیمت آخری وقت میں 3,000 ڈالر تک پہنچ گئی تھی۔

سوپر بال امریکہ میں نیشنل فٹ بال لیگ یعنی NFL کا فائنل مقابلہ ہوتا ہے جو اس سال اتوار کو نیو انگلینڈ کی ٹیم پیٹرئیٹس اور فلاڈیلفیا کی ایگلز کے درمیان کھیلا جائے گا جو نیشنل فٹ بال کانفرنس اور امریکن فٹ بال کانفرنس کی فاتح ٹیمیں ہیں۔ سوپر بال ہر سال فروری کی پہلی اتوار کو کھیلا جاتا ہے اور اس کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہ ٹیلی ویژن پر سب سے زیادہ دیکھا جانے والا میچ ہوتا ہے جس میں وقفے کے دوران دکھائے جانے والے صرف 30 سیکنڈ دورانیے کے اشتہارات کی فیس کئی ملین ڈالر تک جا پہنچتی ہے۔ شائقین گیم کے علاوہ ان اشتہارات کو بھی بہت دلچسپی سے دیکھتے ہیں اور عوامی مقبولیت کے لحاظ سے ان اشتہارات میں مقابلے بازی کی فضا بھی موجود ہوتی ہے۔ 2017 میں 30 سیکنڈ کے اشتہار کی قیمت 50 لاکھ ڈالر مقرر کی گئی تھی۔

نیو انگلینڈ پیٹریئٹس کے کوارٹر بیک ٹام بریڈی۔ فائل فوٹو
نیو انگلینڈ پیٹریئٹس کے کوارٹر بیک ٹام بریڈی۔ فائل فوٹو

​امریکہ میں سوپر بال پہلی بار جنوری 1967 میں کھیلا گیا جس میں گرین سٹی پیکرز ٹیم نے کینساس سٹی چیفس کو 35-10 کے بڑے فرق سے شکست دی۔ یوں اب تک کل 51 سوپر بال مقابلے ہو چکے ہیں جن میں سے 26 میں نیشنل فٹ بال کانفرنس کی ٹیمیں فاتح رہیں جبکہ باقی 25 میں امریکن فٹ بال کانفرنس کی ٹیموں کو فتح حاصل ہوئی۔

فلاڈیلفیا ایگلز کے کوارٹر بیک نک فولز۔ فائل فوٹو
فلاڈیلفیا ایگلز کے کوارٹر بیک نک فولز۔ فائل فوٹو

اتوار 4 فروری کو ہونے والے 52 ویں سوپر بال کیلئے کوالی فائی کرنے والی ٹیم نیو انگلینڈ پیٹرئیٹس گزشتہ تین سوپر بال میں سے دو میں فتح حاصل کر چکی ہے اور اسے اس فائنل کیلئے بھی فیورٹ قرار دیا جا رہا ہے۔

امریکن فٹ بال کے اس سب سے بڑے مقابلے میں پہنچنے سے پہلے نیشنل فٹ بال کانفرنس اور امریکن فٹ بال کانفرنس میں شامل 16, 16 ٹیموں کو سیزن کے تمام 6 میچوں میں فتح حاصل کرنا ہوتی ہے جو کسی بھی ٹیم کیلئے آسان کام نہیں ہے۔ دونوں کانفرنس کی ٹیموں کو چار گروپوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جو نارتھ، ساؤتھ، ایسٹ اور ویسٹ ڈویژن کہلاتے ہیں۔ ہر ڈویژن کی فاتح ٹیم پلے آف مرحلے کیلئے کوالی فائی کرتی ہے۔ اُن کے علاوہ ڈویژنوں سے باہر کی ٹیموں میں سے بھی دو وائلڈ کارڈ کے ذریعے پلے آف مرحلے کیلئے رسائی حاصل کرتی ہیں۔

پلے آف میں فتح حاصل کرنے والی دو ٹیمیں کانفرنس کا فائنل میچ کھیلتی ہیں اور پھر کانفرنس کا فاتح قرار دی جانے والی ٹیم سوپر بال کھیلنے کی حقدار قرار پاتی ہے۔ سوپر بال جیتنے والی ٹیم کو امریکہ کی مشہور ترین ٹرافی عطا کی جاتی ہے جسے ’لومارڈی ٹرافی‘ کا نام دیا گیا ہے۔

XS
SM
MD
LG