رسائی کے لنکس

جارج کلونی کی اہلیہ امل عالم الدین کا عروسی لباس


شادی کے خاص دن کے لباس کی تیاری کے لیے امل نے معروف ڈیزائنر آسکر ڈی لارینتا کا انتخاب کیا تھا۔

آسکرایواڈ یافتہ ہیرو جارج کلونی کی اہلیہ امل عالم الدین کا تعلق اگرچہ شو بزنس کی چمکتی دمکتی دنیا سے نہیں ہے، لیکن جب ہالی وڈ کے کنوارے ہیرو جارج کلونی نے لبنانی نژاد برطانوی بیرسٹر امل کو گزشتہ سال منگنی کی انگوٹھی پہنائی تو عالمی ذرائع ابلاغ کے لیے یہ ایک بڑی خبر تھی۔

اور پھر کیا تھا جارج کلونی کی ہونے والی دلہن کا سواگت شوبزنس کی دنیا میں ایک سلیبریٹی کی طرح ہی کیا گیا۔

ہالی وڈ کے خوبرو ہیرو جارج کلونی اور ان کی منگیتر امل عالم الدین کی شادی فلمی دنیا کی ایک ایسی شادی تھی جس کا انتظار ایک عرصے سے کیا جارہا تھا۔

بالآخر ہفتے کو جب جارج کلونی اور امل اطالوی سرزمین کے شہر وینس میں ایک نجی تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔

اگرچہ شادی کو میڈیا کی نگاہوں سے دور رکھا گیا اور دولہا دلہن نے آخری لمحات تک شادی کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا، لیکن اس کے باوجود جارج کلونی اور امل کی شادی کی تقریبات کی تصاویر دنیا بھر کے اخبارات کی زینت بنیں۔

لیکن جارج کلونی کے مداحوں میں امل کو دلہن کے روپ میں دیکھنے کا ارمان باقی رہا کیونکہ شادی کی تصاویر کی اشاعت کے حقوق امریکی میگزین 'ووگ' نے خرید رکھے تھے۔

جارج کلونی کی بیرسٹر اہلیہ نے شادی کے روز کیسا لباس زیب تن کیا؟ عروسی جوڑے تیار کرنے والے ڈیزائنر کا نام کیا ہے؟ کیا امل کا لباس روایتی دلہنوں جیسا تھا یا یہاں بھی فیشن آئیکون کا درجہ پانے والی امل جدت طرازی کے حوالے سے آگے رہیں؟ قیاس تو یہ بھی کیا جارہا تھا کہ امل شاہی خاندان کی بہو کیٹ مڈلٹن کا عروسی لباس تخلیق کرنے والی ڈیزائنر سارا برٹن سے شادی کا جوڑا تیار کروانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔

بہرحال اس سے قبل کہ دلہن امل کے عروسی لباس کےحوالے سے لوگوں کا تجسس دم توڑتا، 'پیپل میگزین' نے امریکہ میں اور' ہیلو میگزین' نے برطانیہ میں نوبیاہتا جوڑے کی ایکسکلوزیو تصاویر اکتوبر کےشمارے کے سرورق پر شائع کر دی ہیں۔

میگزین کے مطابق شادی کے خاص دن کے لباس کی تیاری کے لیے امل کی طرف سے ڈیزائنر آسکر ڈی لا رینتا کا انتخاب کیا گیا۔ بیاسی برس کے ڈیزائنر خاص ریڈ کارپٹ گاؤن اور سیلبریٹی ملبوسات کی تیاری کے حوالے سے شہرت رکھتے ہیں۔

وینس کے سات ستارہ امان ہوٹل میں جارج کلونی اور امل کی شادی کی پروقار تقریب کی خصوصی کوریج کرتے ہوئے میگزین لکھتا ہے کہ جس وقت سجی سنوری دلہن نے عظیم الشان ہوٹل کے ہال میں قدم رکھا تو مہمانوں کی آنکھیں امل کے حسن اور ان کےخوبصورت عروسی لباس کی چمک دمک سے خیرہ ہو گئیں۔

امل نےانتہائی نفیس عروسی لباس زیب تن کررکھا تھا جس کے ساتھ ہاتھوں میں سفید پھولوں کا بوکے تھامے وہ کسی طلسماتی کہانی کی شہزادی معلوم ہو رہی تھیں۔

امل کا جھلملاتا سفید فرنچ لیس گاؤن کرسٹلز اور پرل موتیوں کےدیدہ زیب کام سےمزین تھا جس کے ساتھ دلہن کا چہرہ ڈھانپنے کے لیے روایتی خوبصورت جالی دارپردہ تھا جس کی ٹیل کئی گز لمبی تھی۔

بتایا گیا ہے کہ شادی کی تقریب میں امل دو مختلف قسم کے ملبوسات میں نظر آئیں ان کا دوسرا جوڑا ایک پارٹی فراک تھی جو آسکر ڈی لارینتا کے کلیکشن کا حصہ تھی۔ 36 سالہ برطانوی وکیل امل نے بتایا کہ وہ اپنی شادی کی تقریب کو ہر لحاظ سے رومانوی بنانے کی خواہش مند تھیں اوران کے مزاج کوذہن میں رکھتے ہوئے آسکر نے ان کے عروسی لباس سے بھر پور انصاف کیا ہے۔

اس موقع پر انھوں نے ڈیزائنر کے کام کی تعریف کی اور کہا کہ شادی کا یہ جوڑا ان کے خوابوں کی تعبیر ہے۔

سماجی کارکن اور اقوام متحدہ کے امن کے مندوب کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے جارج کلونی دولہا کے روپ میں اپنی ڈیشنگ پرسنالٹی کے ساتھ جارجیو آرمانی کے دیدہ زیب سیاہ ٹکسیڈو سوٹ میں ملبوس تھے۔ جارج کلونی نے اپنی شادی کے حوالے سے بتایا کہ ، ہم اٹلی میں ملے تھے ہمارا گھر بھی اٹلی میں ہے اسی لیے ہم جانتے تھے کہ اٹلی ہی وہ جگہ ہے جہاں ہماری شادی ہو گی۔

شادی کی تقریب میں جارج کلونی کے والد نک کلونی نے بیٹے سےمحبت کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے بیٹے کی شادی کی خوشی کے بعد انھیں اپنے بیٹے بہو سے ایک اور تحفے کی امید ہو چلی ہے بلکہ یہ اب امید سے کہیں زیادہ ہے۔

نوبیاہتا جوڑے کو دیکھ کر یہ یقین آتا ہےکہ آج اس جگہ اور اس لمحہ میں پیار پوری شدت سے زندہ ہے۔

جارج کلونی کی ساس باریا صحافت کے میدان میں اعلی مقام رکھتی ہیں۔ انھوں اپنے داماد جارج کلونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ،جارج کلونی کی سحر انگیز شخصیت ان کی ذہانت اور مزاح کی حس سے ہم لطف اندوز ہوتے ہیں۔ وہ حقیقتاً ایک بہترین شخصیت کا مالک ہے جبکہ امل کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ امل ان کی آنکھوں میں سجنے والاایک میٹھا خواب ہے جو اس کی پیدائش سے پہلے شروع ہوا اور تاحیات میری آنکھیں اس خواب کو دیکھتی رہیں گی۔

میگزین کے مطابق اس منفرد شادی کی تقریب میں 30 سے زائد قومیت کے لوگ شریک تھے جو بہت جلد ایک دوسرے سے گھل مل گئے۔ فلمی ستاروں سے سجی تقریب میں اداکارہ کیٹ بلینچٹ، سینڈرا بلوک، میٹ ڈیمن اور ان کی اہلیہ لوسیانا، بونو (یوٹو بینڈ) اور سنڈی کرافورڈ اور ان کے شوہر رینڈی جریرکے نام شامل ہیں۔

شادی کی تقریب میں جارج کے چند قریبی دوستوں مثلا انجلینا جولی اور بریڈ پٹ کی کمی محسوس کی گئی جو اپنی فلم کی شوٹنگ کی وجہ سے تقریب میں شرکت نہیں کر سکے۔

شادی کے بعد جارج کلونی اور ان کی برطانوی اہلیہ کہاں گھر بسانے کی خواہش رکھتے ہیں اس سوال کے جواب میں جارج کلونی نے بتایا ہنی مون سے واپسی کے بعد انھیں اپنے کاموں پر واپس جانا ہے اور اس فیصلے کے لیے وہ آنے والے دنوں پر نظر رکھے ہوئے ہیں۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق اس تقریب میں مہمانوں کی مہمان نوازی پر دل کھول کر خرچ کیا گیا ہے اور اسے سال کی مہنگی ترین شادی بتایا جارہا ہے۔ جبکہ یہ بھی کہا گیا ہے کہ جارج کلونی اور امل عالم الدین کی شادی کی تقریب کا طلسم شاید لوگوں پر برسوں طاری رہے۔

XS
SM
MD
LG