رسائی کے لنکس

عامر خاں پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہشمند۔


عامر خان
عامر خان

پاکستان کے فلم اور ٹی وی کے صحافیوں سے ٹیلی فونک پریس کانفرنس میں عامر خاں نے کہا کہ انہیں پاکستانی اداکاروں کے ساتھ کام کرنے میں خوشی ہوگی۔


کہا جاتا ہے کہ فن اور فنکار کے لئے ملکوں کی سرحدیں رکاوٹ نہیں بن سکتیں۔ اس کاایک مظاہرہ پاکستان میں عامر خاں کی مقبولیت سے ہوا۔ ویسے بھی دونوں ملکوں کے شاعر، ادیب، صحافی، اور فنکار ایک دوسرے کے ہاں نہ صرف پسند کئے جاتے ہیں بلکہ ان کی عزت افزائی بھی کی جاتی ہے۔ چونکہ بھارتی فلمیں پاکستان میں بھی کافی مقبول ہیں چنانچہ یہاں کے اداکار بھی پاکستانی میڈیا کی توجہ کا مرکز ہوتے ہیں۔

فلم تھری ایڈیٹس کی شاندار کامیابی سے سرشار عامر خاں کو پاکستان میں صحافیوں نے بھی نہیں چھوڑا۔ اگرچہ عامر خاں پاکستان نہیں گئے لیکن انہوں نے مواصلاتی ترقی کا فائدہ اٹھاکر پاکستانی صحافیوں سے فون پر بات چیت کی۔ کراچی کی پاکستان فلم اینڈ ٹیلی ویژن جرنلسٹس اسوسی ایشن نے اس نیوز کانفرنس کا اہتمام کیا تھا۔ عامر خاں نے کئی ایک سوالات کے جواب دیے جن میں ان کی نجی زندگی اورفلموں سے متعلق کئی سوالات شامل تھے۔

عامر خاں نے کہا کہ وہ جلد پاکستان کا دورہ کرنے کے خواہش مند ہیں اورماضی میں جب وہ پاکستان گئے تھے تو انہیں کافی خوشی ہوئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی شہروں لاہور اور کراچی میں ان کے ان کے رشتے دار ہیں اور اسی لئے بھی وہ پاکستان جاناچاہتے ہیں۔

عامر خاں نے کہا کہ زبان اور تہذیب بھارت اور پاکستان میں قدرِمشترک ہے۔ اس لئے دونوں ملکوں کو ساتھ مل کر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ طور پر فلموں کی تیاری کی وکالت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر انہیں پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملے تو خوشی ہوگی۔ اپنی نئی فلم 3ایڈئیٹس کے بارے میں عامر خاں نے بتایا کہ اس فلم کے ذریعے تعلیم اور نوجوانوں کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں عامر نے کہا کہ دلیپ کمار،امیتابھ بچن اور گوویندہ ان کے پسندیدہ ادکار ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کی آنے والی فلم،،ویکلی لائف،،اب تک کی ان کی فلموں سے مختلف ہوگی۔

XS
SM
MD
LG