رسائی کے لنکس

امریکہ سے بم کے آلات ایران برآمد کرنےپر جیل کی سزا


عراق میں بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی حکام شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو
عراق میں بم دھماکے کے بعد سیکیورٹی حکام شواہد اکھٹے کر رہے ہیں۔ فائل فوٹو

ریڈیو فریکونسی کے ان آلات کو ریموٹ کنڑول کے ذریعے بارودی دھماکوں کے لیے استعمال کیا گیا۔

سنگارپور کے ایک شخص کو امریکہ سے ریڈیو فریکونسی کے ہزاروں آلات ایران برآمد کرنے پر 40 ماہ جیل کی سزا سنائی گئی ہے۔ ان آلات کے بارے میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے کم ازکم 14 کو عراق میں دھماکے کرنے کے لیے ایک پرزے کے طور پر استعمال کیا گیا۔

سنگارپور کے 43 سالہ شہری لم یانگ نام نے، جو اسٹیون لم کے نام سے بھی موسوم ہے، دسمبر میں غیر قانونی طور پر ریڈیو فریکونسی کے آلات سنگاپور کے راستے ایران بھیجنے کے جرم کا إقرار کیا تھا۔

امریکی محکمہ انصاف نے کہا ہے کہ لم اور ان کے ساتھیوں نے تسلیم کیا کہ انہیں یہ علم تھا کہ امریکہ میں بننے والی چیزیں ایران برآمد کرنا امریکی قانون کی خلاف ورزی ہے۔

امریکی ریاست منی سوٹا میں قائم ایک کمپنی کے بنائے ہوئے ریڈیو فریکونسی کے آلات کئی تجارتی مشینوں میں استعمال ہوتے ہیں جن میں وائرلس پر کام کرنے والے پرنٹر اور کمپیوٹر بھی شامل ہیں۔

سن 2008 اور 2009 میں اتحادی فورسز نے عراق میں بے شمار ایسے ریڈیو فریکونسی آلات پکڑے تھے جو منی سوٹا میں قائم کمپنی کے تیار کردہ تھے۔

ریڈیو فریکونسی کے ان آلات کو ریموٹ کنڑول کے ذریعے بارودی دھماکوں کے لیے استعمال کیا گیا۔

یہ مقامی ساختہ ریموٹ کنڑول بم عراق میں امریکی فوجیوں کی ہلاکتوں کا ایک بڑا سبب بنے۔

لم کو سن 2016 میں انڈونیشیا سے جلا وطن کرکے امریکہ بھیجا گیا تھا جسے وہاں امریکی محکمہ انصاف کی درخواست پر 2014 سے رکھا جا رہا تھا۔

XS
SM
MD
LG